جھنگ کے نواحی علاقو ں کے پولنگ سٹیشنوں پر ابتداء میں ٹرن آئوٹ کی شرح کم رہی تاہم بتدریج ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہو تارہا

جمعرات 1 دسمبر 2016 14:18

جھنگ۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی78 شہری نشست جھنگ پر جمعرات کے روز منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب کے موقع پر نواحیعلاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر ابتداء میں ٹرن آئوٹ کی شرح کم رہی تاہم بتدریج ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہو تارہا جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کے باعث پولنگ خوشگوار ماحول میں جاری رہی۔

(جاری ہے)

حکومتی ہدایات کی روشنی میں اکثر پولنگ سٹیشنوں پر پریذائیڈنگ افسران ، پولنگ افسران سمیت معاون انتخابی عملہ صبح 6بجے ہی پہنچ گیا جس نے تمام انتظامات مکمل کرکے ٹھیک صبح 8 بجے امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کی موجود گی میں پولنگ کاآغاز کردیا ۔پولنگ کے موقع پر صبح کے ابتدائی دو تین گھنٹوں کے دوران جھنگ کے مختلف علاقوں میں قائم کئے گئے پولنگ سٹیشنز پر ٹرن ۱ٓئوٹ کی شرح کچھ کم رہی تاہم بعد ازاں اس میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا گیا۔

اس موقع پر امیدواران کے حامیوں کی جانب سے ووٹرز کو موٹرسائیکلوں ، چنگ چی رکشوں ،ویسپا رکشوں ، ٹریکٹر ٹرالیوں ، ویگنوں اور کاروں وغیرہ کے ذریعے امیدواروں کے انتخابی کیمپوں تک لایا جاتارہا جہاں سے انہیں ووٹوں کی پرچیاں فراہم کی گئیں اور وہ اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ پر پہنچ کر ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔