وزیراعظم پاکستان مظفرآباد آمد کے موقع پر شہرکو بجلی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیں ،شیخ عقیل الرحمن

جمعرات 1 دسمبر 2016 14:18

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان مظفرآباد آمد کے موقع پر مظفرآباد کو بجلی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیں اور دارالحکومت کو گیس کی فراہمی کا بھی اعلان کریں جس کا انہوں نے اعلان کررکھا ہے اور پترینڈ ہائیڈرل پراجیکٹ کو مظفرآباد ڈویژن کیلئے مختص کیا جائے تاکہ یہاں پر بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پترینڈ پراجیکٹ کو مظفرآباد ڈویژن کیلئے مختص کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا مگر اب معلوم ہوا ہے کہ واپڈا اس کی بجلی کو بھی پاکستان لے جانے کی کوشش کررہا ہے جو کہ اہل مظفرآباد سے نا انصافی ہے جوعلاقہ بڑی مقدار میں بجلی پیدا کررہا ہے اس کے دو یااڑھائی میگاواٹ ضرورت کو پورا نہ کرنا ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں جتنے بھی ہائیڈرل منصوبے چل رہے ہیں ان کے آزادحکومت سے معاہدے کیے جائیں اور اس کی رائیلٹی بھی دی جائے ۔متنازعہ علاقہ میں بدوں معاہدے کے پراجیکٹ جاری رکھنا تحریک آزادی کیلئے نقصان دہ ہے اور مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کے موقف کے بھی برعکس ہے۔