بھارت کشمیرمیں عوامی احتجاج کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے‘سردار عتیق احمد

آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کر سکتے‘وفود سے بات چیت

جمعرات 1 دسمبر 2016 14:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے صدراورسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیرمیں عوامی احتجاج کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے۔آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کر سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم کانفرنسی کارکنوں کے وفود سے بات چیت کر رہے تھے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہم نے سیز فائر لائن عبور کرنے کی کال دے رکھی ہے۔

اس پروگرام کو کو اجتماعی قومی پروگرام بنانے کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی بوکھلاہٹ عیاں ہ۔سیز فائر لائن پر فائرنگ کے ذریعے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ہزیمت کا بدلہ لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کی بہادر عوام ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس سیز فائز لائن توڑنے کے پروگرام پر قائم ہے۔

اس سلسلہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے قائم ہیں۔جلد ہی دنیا پر ثابت کرینگے کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔اور خونی لکیر کے ذریعے انہیں الگ نہیں رکھا جا سکتا۔اس موقع پر سابق وزیرحکومت پیر سید غلام مرتضی گیلانی،ممبر قانون ساز اسمبلی سردار صغیر چغتائی،سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید،میر عتیق الرحمان،خواجہ محمد شفیق،سجاد انور عباسی، شیخ خورشیدانور،ہارون آزاد، راجہ ولید عبداللہ، شارخ عباسی اوردیگر کارکن موجود تھے۔علاوہ ازیں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مسلم کانفرنس ڈویژن مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل سید خالد گیلانی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔