کشمیر کے بارے میں اسٹیج ڈرامہ ’’شہ رگ کا لہو‘‘ اختتام پذیر

ڈرامے میں کشمیر بارے تاریخی حقائق کے ساتھ ساتھ موجودہ صورت حال بھی دکھائی گئی ہے اس ڈرامے کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگوں تک کشمیر کی اصل حقیقت پہنچائی جائے، کنول نعمان

جمعرات 1 دسمبر 2016 11:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) کشمیر کے بارے میں ڈرامہ’’شہ رگ کا لہو‘‘ الحمرا میں اختتام پزیرہوگیا۔ اس موقع پرشائقین کی کثیر تعدادنے ڈرامہ دیکھا جب کہ پہلے روز وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق اورصبا صادق سمیت دیگراہم شخصیات نے خصوصی شرکت کی اورڈرامہ دیکھتے ہوئے فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس کوسراہا۔اس ڈرامے کو کنول نعمان کے ادارے ’’ ڈریمز انٹرنیشنل ‘‘ نے پروڈیوس کیا۔

ڈرامے کی کاسٹ میں گوشی خان، رائمہ، صنم ناز، مجاہد عباس، شاہد نزیر خان، ندیم ، توقیرزیدی، ملک زاہد، افروز خان اور چائلڈ اسٹار طیب اعظم شامل تھے جب کہ ڈرامے کے رائٹرسجادزیدی اور ڈائریکٹر گوشی خان ہیں جنہوں نے ڈرامے میں میجراگروال کا کردار نہایت خوبصورتی سے اداکیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ڈرامے میں بھارتی بربریت کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدوجہددکھائی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ہٹ دھرمی اور بھارتی سیاستدانوں کے کردارپر بھی روشنی ڈالی گئی ہے ۔

ڈرامے میں کشمیر بارے تاریخی حقائق کے ساتھ ساتھ موجودہ صورت حال بھی دکھائی گئی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میںکنول نعمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی یہ جاری رکھی جائے گی۔ اس ڈرامے کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگوں تک کشمیر کی اصل حقیقت پہنچائی جائے۔