کشمیر ی حق و صداقت پر مبنی اپنی تحریک سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے،آغا سید حسن

جمعرات 1 دسمبر 2016 11:28

سرینگر۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہاہے کہ کشمیری گزشتہ ستر برس سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیںاورقابض فورسز کے بے انتہا مظالم کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا حسن الموسوی نے تحصیل سونا وادی کے علاقے تلرزو میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور وہ اپنی جدو وجہد سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیرکے فریقین کے ساتھ مذاکراتی عمل سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہے اور صرف اور صرف طاقت کی زبان بول رہا ہے جسکے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔

(جاری ہے)

آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام رضا کی سیرت طیبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ برگزیدہ دینی شخصیات کے کردار و عمل سے ہمیں یہی درس اور پیغام ملتا ہے کہ حق و صداقت کی بالادستی اور ظلم وجبر کے خاتمے کیلئے مصروف جدوجہد رہنا ہی حقیقی مقصد حیات اور اسلام کے فکروپیغام کی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک بہر صورت مبنی برحق ہے اور ریاست پر بھارتی تسلط کی بنیاد جبروتشدد اور طاقت پر منبی ہے۔