افرادی قوت اداروں کے استحکام اور ان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔فیسکو چیف

بدھ 30 نومبر 2016 23:22

فیصل آباد۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء)چیف ایگزیکٹو فیسکفو رشید احمد اسلم نے کہا ہے کہ افرادی قوت اداروں کے استحکام اور ان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اچھی افرادی قوت اور ٹیم اچھے اداروں کا اثاثہ ہوتی ہے۔ وہ فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر ( کمرشل )ریجنل کسٹمر سروسز سنٹرعبدالقیوم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے ۔عبدالقیوم کا ملازمین اور صارفین دونوں سے ان کا برتائو مثالی رہا ہے ان کی کمی ایک عرصہ تک محسوس کی جائے گی۔ ان کے لئے کمپنی اور افسروں کے دلوں کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیںچیف کمرشل آفیسر سردار مسعود اقبال ، چیف انجینئرآپریشن عامل صدیقی ،ڈائریکٹر جنرل ایچ آر احسان محمد صدیقی اور دیگر فیسکو افسران نے ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر (کمرشل ) عبدالقیوم کی شخصیت اور ان کے کام کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خوش اخلاقی اور خوش خلقی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔

انھو ں نے ہمیشہ ملازمین اور صارفین کے ساتھ انتہائی نرم رویہ اپنائے رکھا اور ماحول کو ہمیشہ خوشگوار رکھتے ہوئے کام کو بہترین طریقے سے انجام دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہونیوالے ڈائریکٹر (کمرشل ) عبدالقیوم نے کمپنی کے تمام انجینئرز ، انتظامی افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا کہ گذشتہ تمام عرصہ میں انہیں سب کاتعاون حاصل رہا۔

انہوں نے اپنی ذمہ داریوںسے عہدہ برا ہونے کی بھرپور کوششیں کیں۔انھوں نے کہا کہ اداروں کے استحکام میں ہی ملک اور ملازمین کی بقاء پنہاں ہے لہذاہمیں اداروں کے استحکام کیلئے ہر ممکن اجتماعی کاوشیں جاری رکھنی چاہئیں۔تقریب میںجنرل منیجر آپریشن سلیم بھٹی، چیف انجینئرآپریشن عامل صدیقی، چیف کمرشل آفیسر سردار مسعود اقبال، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شیخ جہانگیر، فنانس ڈائریکٹر زاہد حسن اور دیگر فیسکو افسران کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔