میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری آپس میں ماموں بھانجے کا کھیل کھیل رہے ہیں

سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی اتحاد کے سربراہ لیاقت جتوئی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 30 نومبر 2016 21:35

میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری آپس میں ماموں بھانجے کا کھیل کھیل ..
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی اتحاد کے سربراہ لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری آپس میں ماموں بھانجے کا کھیل کھیل رہے ہیں، عمران خان سیاست نہیں جہاد کررہے ہیں ان کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے،کرپشن نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد مقیم خان کھوسو کی وفات پر ان کے بیٹے سردار عبدالرزاق کھوسو سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت جتوئی نے مزید کہا کہ سندھ میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سے کوئی فرق نظر نہیں آرہا،انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت کی تبدیلی سے پالیسی تبدیل نہیں ہوگی کراچی میں آپریشن کے بعد دہشت گرد سندھ کے دیگر شہروں میں چھپ گئے ہیں اس لیے سندھ کے دیگر شہروں میں بھی آپریشن کیا جائے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پانامہ لیکس سمیت زرداری کے بھی ہزاروں لیکس ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ نے خود اعتراف کیا ہے کہ اس نے زرداری کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا اور نثار مورائی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے 6سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے،لاڑکانہ پیکج پر 90 ارب روپے جاری ہوئے مگر خرچ 50 کروڑ بھی نہیں ہوئے باقی رقم کہاں گئی اس کا احتساب ہونا چاہئے،ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پنجاب میں پارٹی کو فعال کرنے کی کوششیں ناکام ہوجائیں گی کیوں کہ پنجاب، پختون خواہ،بلوچستان اور آزاد کشمیر سے پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے باقی سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کا زوال شروع ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سے سندھ کا عوام مایوس ہوچکا ہے اس لیے عوام اب عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔