اینٹی کرپشن کی سندھ کے مختلف شہروں میں کاروائیاں، ایڈمن آفیسر اور ہیڈ ماسٹر سمیت 3 گرفتار

بدھ 30 نومبر 2016 20:29

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے سندھ صوبے میں کرپٹ عناصرین کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا، مختلف شہروں میں کاروائیاں کر کے حیدرآباد بلدیہ سے ایڈمن آفیسر، محکمہ تعلیم کے ہیڈ ماسٹر اور ٹھٹہ سے یونین کونسل کے آفیس اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان مختار بھٹو کی سربراہی میں اینٹی کرپشن نے بلدیہ حیدرآباد میں کاروائی کر کے ایڈمن آفیسر کو گرفتار کر لیا، ایڈمن آفیسر الطاف بیگ نے درخواست گزار سے 70 ہزار رشوت کے عوض بلدیہ حیدرآباد کے محکمہ صحت میں نوکری کا جھانسہ دیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی کاروائی کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے، اینٹی کرپشن نے حیدرآباد میں ایک اور بڑی کاروائی کر کے محکمہ تعلیم کے ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کر لیا، سرکل آفیسر شیر محمد سانگی کی سربراہی میں اینٹی کرپشن نے ہیڈ ماسٹراختیار حسین خانزادہ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ، کاروائی کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سرکل آفیسر فدا حسین چانڈیو کی سربراہی میں اینٹی کرپشن نے میونسپل کمیٹی ٹھٹہ میں کاروائی کر کے آفس اسسٹنٹ کو گرفتار کر لیا،آفس اسسٹنٹ محراب برفت کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، سول مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی کاروائی کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عثمان غنی صدیقی نے کاروائیوں پر ایک بیان میں کہا کہ اینٹی کرپشن نے سندھ بھر میں بھرپور کاروائیاں شروع کر دی ہیں، انہوںنے کہا کہ عوام کو رشوت دینے کے عیوض سرکاری نوکری دلانے کا دلاسہ دے کر رقم لی جاتی ہے اور اینٹی کرپشن نے کامیاب کاروائیاں شروع کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔

انہوںنے مزید کہا کے چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو کی سربراہی میں محکمہ اینٹی کرپشن نے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں، 2 ماہ کی بھر پور کاروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے مزید کہا کہ عوام کی شکایات پر تمام محکموں میں کاروائیاں کی جا رہی ہیں اور یہ تسلسل برقرار رہے گا۔

متعلقہ عنوان :