پنجاب میں بیماریوں کی روک تھام جامع پروگرام پر موثر عملدرآمد جاری ہے ،ْ ایڈز کا پتہ چلانے اور علاج کے منصوبے پرعمل ہو رہا ہے ، خواجہ عمران نذیر

بدھ 30 نومبر 2016 20:27

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) صوبائی وزیر پرائمری و سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت بیماریوں کی روک تھام کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اربوں روپے اس منصوبے پرخرچ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے لئے 2010 سے مکمل فنڈنگ کر رہی ہے جبکہ پہلے 80 فیصد فنڈ ورلڈ بنک قرضے کی شکل میں مہیا کر رہا تھا ۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبے میں ایڈز جیسی مہلک بیماری کا پتہ چلانے اور مریضوں کے علاج کے منصوبے پر عمل ہو رہا ہے جس کے لئے 9 مشاورتی سنٹر ، 13تشخیصی مراکز کام کر رہے ہیں جہاں علاج معالجے کے علاوہ ایڈز سے متاثرہ ماں سے بچے کو بیماری کی منتقلی کی روک تھام کے لئے تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب واحد صوبہ ہے جس کا ایڈز کے لئے پی سی ون سال 2019 تک منظو رشدہ ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں مقامی ہوٹل میں ورلڈ ایڈز ڈے کے حوالے سے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام(PACP) کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سیمینار کی خاص بات یہ تھی کہ پی اے سی پی نے ایڈز سے متاثرہ تقریباً 300 بچوں کو خصوصی طو رپر سیمینار میں مدعو کیا تھا ۔ اس حوالے سے ان کے والدین اور سیمینار کے شرکاء کو بیماری کی روک تھام اور احتیاطی تدا بیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی ۔

1998 ء سے اب تک 11295 افراد منظر عام پر آئے ہیںاور پی اے سی پی کے پاس 7742 مریض علاج کے مراکز پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جنہیں تمام قیمتی ادویات حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جا رہی ہیں او ریہ ادویات عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ بیماری سے متاثرہ افراد کا ڈیٹا بنک تیار کرنے کے لئے حال ہی میں بابو صابو کے مقام پر ٹرک سٹینڈ پر ڈرائیوروں کی بلڈ سکریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں ڈرائیورز اور کلینرز کی بلڈ سکریننگ کر کے ان افراد میں شوگر ،ہیپا ٹائٹس بی ، سی ، ایچ آئی وی ایڈز اور بلڈ گروپ کی تشخیص بالکل مفت کی جا رہی ہے تاکہ بیمار افراد کا صحیح طو رپر علاج معالجہ کیا جا سکے اور تندرست افراد کو ہیپا ٹائٹس بی کی ویکسینیشن کے علاوہ دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے ۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خون کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ ، ڈسپوزایبل سرنجوں کے دوبارہ استعمال کو روکنے ،حجاموں اور ڈینٹسٹ کے زیر استعمال آلات کو جراثیم فری بنانے کے لئے آگاہی کے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔ تقریب سے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر نے بھی خطاب کیا اور پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ایڈ ز سے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :