سندھ ہائیکورٹ نے سردار ممتاز بھٹو کی قتل کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی

سیاسی مخالفت کی بنا پر میرا نام قتل کیس میں ڈالا گیا،زرداری اپنے کالے کرتوت بھٹو کے نام کے پیچھے چھپارہے ہیں،سابق وزیراعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 نومبر 2016 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سردار ممتاز علی بھٹو کی قتل کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ہے ۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس شاہنواز طارق نے اپنے چیمبر میں سردار ممتاز علی بھٹو کی قتل کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت کی ۔

سردار ممتاز علی بھٹو کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں اسد کھوڑو کے قتل کی ایف ائی آر کاٹی گئی جس میں سابق وزیر اعلی سندھ کو نامزد کیا گیا ہے مقدمہ سیاسی مخالفت پر درج کیا گیا ہے جبکہ ممتاز بھٹو کی لاڑکانہ میں رہائش کو پولیس نے گھیر رکھا ہے عدالت سے استدعا ہے کہ ممتاز علی بھٹو کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے ممتاز علی بھٹو کی ایک لاکھ کے عوض دس روز کے لئے ضمانت منظور کر لی ہے ۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ میں گزشتہ 6روز سے کراچی میں ہوں ۔میرا نام سیاسی مخالفت کی بنا پر قتل کیس میں ڈالا گیا۔حفاظتی ضمانت منظور ہوچکی ہے، اب وہاں جاکر کیس کا سامنا کروں گا۔

انہوںنے کہا کہ زرداری گیدڑ ہمارا کیا مقابلہ کریں گے ۔ہم تو شیروں سے مقابلہ کرنے والے لوگ ہیں ۔زرداری اپنے کالے کرتوت بھٹو کے نام کے پیچھے چھپارہے ہیں لیکن میں بھٹو قوم کا منتخب سردار اور نواب ہونے کے ناطے زرداریوں کو زبردستی بھٹو نہیں بننے دوں گا ۔کیونکہ زرداریوں نے بھٹو کی لاشوں پر سیاست کرکے نہ صرف بھٹو خاندان کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ ملک کی دولت کو بے دردی سے لوٹا ہے ۔

زرداری کے ٹولے کی کرپشن کی بدبو آسمان سے باتیں کررہی ہے ۔ان کی کرپشن کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں جس کی وجہ سے یہ گھبراتے ہیں اور ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں ۔میرے خلاف جھوٹی.، من گھڑت اور بے بنیاد کیسز بنائے گئے ہیں ۔یہ ہمیں چوٹ پہنچانے کہ کوشش کرتے ہیں۔ یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ پہلے بھی اسی سرزمین پر بیٹھ کر زرداریوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ہم ان کا مقابلہ کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کی وجہ بلاول زرداری کا انتخابات میں حصہ لینا ہے کیونکہ پورے سندھ میں صرف ہم ہی زرداریوں کو چیلنج کررہے ہیں ۔اس موقع سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما انور گجر ،رزاق باجوہ ،عبدالنبی بروہی ،فتح بھٹو ،عرفان بھٹو ،نور احمد بروہی بھی موجود تھے ۔