مہران یونیورسٹی جامشورو، طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف کمپنیوں اور صنعتی اداروں سے تعاون کے لئے بوٹ کیمپ

بدھ 30 نومبر 2016 16:09

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء)مہران یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن انجنیئرنگ کی جانب سے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف کمپنیوں اور صنعتی اداروں سے تعاون کے لئے بوٹ کیمپ لگایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن انجنیئرنگ شعبہ کے آخری سال کے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات اور معیار کے مطابق تیار کرنے کے لئے لگائے گئے بوٹ کیمپ میں طلبہ کو ریڈیو نیٹ ورک پلاننگ سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر تیاری کروائی گئی جبکہ طلبہ نے مختلف موبائل کمپنیوں کے ٹاوروں اور جامشورو کے آس پاس والے علاقوں میں تجربے بھی کئے۔

بوٹ کیمپ کے نتیجہ میں مہران یونورسٹی کے فائنل ایئر کے دو طلبہ معیز علی اور تقی شاہ کو بہتر کارکردگی دکھانے پر دو مختلف نجی کمپنیوں کی جانب سے نوکری بھی دی گئی ہے جبکہ بوٹ کیمپ میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

ٹیلی کام شعبہ کی سیمینار لائبریری میں منعقد اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کہا کہ اس قسم کے پروگراموں سے نہ صرف طلبہ کو جلد روزگار ملتا ہے، بلکہ انہیں سیکھنے کے بہتر مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات مختلف کمپنیوں اور صنعتی اداروں کے اشتراک سے نہ صرف تعلیمی ادارے ترقی کریں گے بلکہ ملک بھی ترقی کرے گا۔ اس موقع پر ٹیلی کمیونیکیشن شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر فیصل کریم کی جانب سے روزگار حاصل کرنے والے اور بوٹ کیمپ میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی گئی اور ان کی محنتوں کو بھی سراہا گیا۔