ٹیوٹا خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے مختلف فنی کورسز کروائے گا:کمشنر سرگودہا

بدھ 30 نومبر 2016 16:06

سرگودھا۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء)کمشنرسرگودہا ندیم محبوب کی خصوصی دلچسپی کے باعث ڈویژنل انتظامیہ او رٹیوٹا کے مابین آج ایک معاہدہ طے پا گیاہے ۔جس کے تحت ٹیوٹا سرگودہا او رخوشاب کے خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے مختلف فنی کورسز کروائے گا۔ آج کمشنر سرگودہا ندیم محبوب اور ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا زکریا محمد پراچہ نے آج ایک تقریب میں ایم او یو پر دستخط کئے ۔

اس موقع پر کمشنر ندیم محبوب نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں ضلع خوشاب،تحصیل سلانوالی او رضلع سرگودہامیں خواجہ سراؤں کو بیوٹیشن او رٹیلرنگ کے کورسز کروائے جائیںگے۔ ان کورسز کامقصد خواجہ سراؤں کو فنی اعتبار سے ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ معاشرے پر انحصار کرنے کی بجائے خود روزگار کماکر ملک کی تعمیر وترقی میں حصہ ڈال سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرگودہا،سلانوالی او رخوشاب میں خواجہ سراؤں کیلئے خصوصی تعلیمی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں پر انہیں زیو رتعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ اب انہیں ٹیوٹا کے تعاون سے ہنر مند بھی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر ٹیوٹا زکریا محمد پراچہ نے بتایا کہ تینوںتحصیلوں میںیہ کورسز دسمبر کے پہلے ہفتے میںشروع کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے چھ اساتذہ کرام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو 20/20 گروپس میں خواجہ سراؤں کو بیوٹیشن اور ٹیلرنگ کے مفت کورسز کروائیںگے ۔دورانِ تربیت خواجہ سراؤں کو ٹیوٹا کی جانب سے میٹریل بھی مفت فراہم کیاجائے گا۔