جعلی ڈگری کیس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ نے سابق رکن اسمبلی جاوید اکبر خان کو دو سال قید ،20ہزار جرمانے کی سزا سنا دی

بدھ 30 نومبر 2016 15:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان سید زمرد شاہ نے سابق رکن اسمبلی خیبر پختونخواہ جاوید اکبر خان کو جعلی ڈگری کیس میں دو سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔

(جاری ہے)

ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ پی کے 68پہاڑ پور سے سابقہ رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخواہ جاوید اکبر خان، جو کہ سابقہ ادوار میں وزیر اعلی کے مشیر بھی رہے ہیں، کے خلاف جعلی ڈگری کا مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان سید زمرد شاہ کی عدالت میں زیر سماعت تھا جس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔

معزز عدالت کی جانب سے سنائے جانے کے فیصلے کے مطابق، ملزم پر جعلی ڈگری کا جرم ثابت ہو چکا ہے جس کی پاداش میں جاوید اکبر خان کو عرصہ دوسال کی قید جبکہ بیس ہزار روپے کی سزا دی گئی ہے۔ عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد جاوید اکبر خان کو ڈسٹرکٹ جیل ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جاوید اکبر خان پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے کامیاب ہونے والے حالیہ رکن اسمبلی احتشام اکبر خان کے والد ہیں۔

متعلقہ عنوان :