آئندہ سال سرسید احمد خان کے 200 ویں یوم پیدائش کی 7 روزہ تقریبات علی گڑھ یونیورسٹی میں ہوں گی،ڈاکٹر شہیر خان

بدھ 30 نومبر 2016 14:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی المنائی نادرن کیلفورنیا کے رہنما ڈاکٹر شہیر خان نے کہا ہے کہ سرسید احمد خان کے 200 ویں یوم پیدائش پر اگلے سال علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 7 روزہ تقاریب منعقد ہوں گی ۔ یہ بات انہوں نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک علی گڑھ مسلمانوں کو محض سائنٹیفک تعلیم کی طرف راغب کرنے کی تحریک نہیں تھی بلکہ برصغیر اور دیگر ممالک میں سیاسی شعور بیدار کرنے میں بھی اس تحریک نے بہت اہم و موثر کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر شہیر خان نے بتایا کہ اگلے سال علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سرسید احمد خان کے 200 ویں یومِ پیدائش کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ ایک ہفتہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی المنائی یو ایس اے کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1970ء کی دہائی میں اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی امریکا میں بنیاد رکھی گئی تھی اور متعدد اسٹیٹس میں اس کی شاخیں موجود ہیں جو تعلیم اور علی گڑھ کلچر کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو یہ بھی بتایا کہ المنائی کے اراکین کی ایک ڈائریکٹری بھی تیار کی گئی ہے جس میں 20 ہزار سے زائد اراکین کے نام و پتے موجود ہیں۔

اس کے علاو ہ 102 ممالک اب تک اس ڈائریکٹری میں شامل ہو چکے ہیں۔ سرسیّد اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حوالے سے متعدد ویب سائٹس بھی انٹرنیٹ پر بنائی جا چکی ہیں جن میں علی گڑھ تحریک کے بارے میں کثیر معلومات مہیا کردی گئی ہیں۔ ڈاکٹر شہیر خاں نے علی گڑھ تحریک کے فروغ کے لئے سابق چانسلر سرسیّد یونیورسٹی مرحوم زیڈ اے نظامی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائزایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری مرحوم محمد ذاکر علی خاں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں سرسیّد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسن رضوی نے کہا کہ سرسیّد یونیورسٹی ایک ایسا ادارہ ہے جوسرسیّد کی تعلیمی جدوجہد کا ثمر ہے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے شرکاء میں اموبا کے نائب صدر سید انور علی، جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان، جوائنٹ سیکریٹری واصف نذر صدیقی اور سنیئر علیگیرین شامل تھے۔ واضح رہے کہ سرسید احمد خان 17 اکتوبر 1817ء کو پیدا ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :