ْعوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن وتبدیلی نظام سائیکل کارواں ملتان پہنچ گیا،شاندار استقبال

منگل 29 نومبر 2016 22:22

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوانوں پر مشتمل 20نومبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہونیوالا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا ملتان پہنچ گیا۔ملتان پہنچنے پر پاکستان عوامی تحریک کے قائدین اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے کارواں کا شاندار استقبال کیا۔

کارواں کوایک بڑی ریلی کی صورت میں قذافی چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک لے جایا گیا۔جہاں مقررین نے خطابات کئے ،اس موقع پر سائیکل کارواں کے شرکاء کی دستار بندی کی گئی اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے اورکارواں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔گھنٹہ گھر چوک پربابونفیس انصاری ،فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی،متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قرشی،سنی تحریک کے صوبائی رہنما ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر،مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر رکن الدین ندیم حامدی،عوامی مسلم لیگ کے رہنما رائو ذوالقرنین،عامر شہزاد صدیقی،یاسمین خاکوانی،غزل غازی ،سلمان الہی قریشی ایڈووکیٹ ،پادری نعیم جاویداور دیگر نے کارواں کا بھرپور استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ کارواں کو شہر اولیاء ملتان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے سائیکل کارواں کے ذریعے ہر گھر اور گلی میں دستک دی ہے کہ امن کا قیام اور ظالم نظام گھر بیٹھے تبدیل نہیں ہو گا۔ اس کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا قومی کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر ملتان کی سیاسی ،سماجی، مذہبی جماعتوں اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران و ذمہ داران اور معززین شہر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے تبدیلی نظام کاروان کا شاندار استقبال کیاجو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے دیگر اضلاع کے محب وطن درد مند پاکستانیوں کی طرح ملتان کے عوام بھی ظلم اور استحصال کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ملکی سیاست اور تعمیری سرگرمیوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے آرزو مند ہیں۔

یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی ساری زندگی بیداری شعور مہم کے حوالے سے وقف ہے اور ان کاامن اور رواداری کا پیغام لے کر ان کے کارکنان گلی گلی اور گائوں گائوں جارہے ہیں۔نوجوانوں کو انتہا پسندی اور سیاسی ،سماجی استحصال سے بچانا اور انہیں ایک سچا پاکستانی اور سفیر امن بنانا تحریک منہاج القرآن کا مشنری پیغام ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ادارے اور مدرسے امن ،محبت اور تحقیق کو فروغ دیں۔ فرقہ واریت کا خاتمہ ہو۔ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو۔ پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار ملے کوئی ضلع محض اس لیے نظر انداز نہ ہو کہ اس کی سرحد تخت لاہو ر یا تخت اسلام آباد سے نہیں ملتی۔پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوارڈینیٹررائو محمد عارف رضوی نے کہا کہ دھاندلی سے پاک انتخابی نظام اور ہر طرح کے ظلم کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا مرکزی نقطہ ہے۔

رہنمائوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو افواج پاکستان کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ امید ہے کہ وہ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ قومی ایکشن پلان کے ہر نقطہ پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کروائیں گے اور کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے اپنا بھرپور اور حب الوطنی سے سرشار کردار ادا کریں گے۔

اگر سویلین انتہا پسندی اور معاشی دہشت گردی کو نظر انداز کر دیا گیا تو مسلح دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ناممکن ہو گا۔دہشت گردی کے تانے بانے معاشی دہشت گردی سے جڑتے ہیں ۔استقبالی ریلی سے کارواں کے کوارڈینیٹرمحمد عصمت اورکارواں میں سائیکل سواروں کے گروپ لیڈر شاہنواز میرانی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن پروفیسر جاوید اختر زواری،ضلعی ناظم تحریک احسان سعیدی،ضلعی صدر بلال نون،میجر محمد اقبال چغتائی،عبدالحمید بٹ،مہر فدا حسین،چوہدر ی محمد اکرم گجر نمبردار،رائو عظمت علی،سجاد نقشبندی،رفیق نورانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :