حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے مفت علاج معالجہ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کے اچانک دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

منگل 29 نومبر 2016 22:22

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے مفت علاج معالجہ کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال میں4ماہ قبل اچانک دورہ کے دوران یہاں کے حالات بہتر نہیں تھے لیکن آج عوام سے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ اب حالات پہلے سے بہتر ہیں۔

بلڈنگ کی تعمیر مارچ میں مکمل ہونا تھی جو نہیں ہوئی کمزوریاں ہیں لیکن عوام گھبرائیں نہیں۔ وہ یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کے اچانک دورہ کے موقع پر ہسپتال کے حوالہ سے اخبا ر نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ' ریجنل پولیس آفیسر طارق رستم چوہان 'ڈی پی او عاطف اکرام اورایم ایس شیخ عبدالعزیز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ سن کر بڑا افسوس ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایک این جی او سٹی سکین مشین فی مریض 1ہزار روپے فیس لیکر چلارہی ہے جو حکومت پنجاب کیلئے لمحہ فکریہ ہے جبکہ حکومت غریبوںکیلئے فری علاج چاہتی ہے اورافسوس ہے کہ حکومت غریبوں کیلئے سٹی سکین مشین کا بندوبست نہ کرسکے ۔انہوںنے کہاکہ 3/4ماہ سے ایم ایس کا دفتر ہسپتال میں ایم ایس کی رہائش پر چل رہاہے حالانکہ یہ دفتر مریضوں کے درمیان میںہونا چاہیے تاکہ ایم ایس کو یہ پتہ چل سکے کہ ایمر جنسی میں مریضوں کے ساتھ کیا سلوک ہورہاہے جس کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

رجسٹر حاضری پر نوٹس لیتے ہو ئے انہوںنے کہاکہ 29روز سے متعدد ڈاکٹر غیر حاضر ہیں اور انہیں آج نوٹس بھجوا ئے گئے جس پر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔ صحافیوں کی طرف سے ہسپتال میں پارکنگ کے مسائل اورمحکمہ پولیس میں نفری کی کمی کے سوال پر انہوںنے غور کرنے کا کہا۔ قبل ازیں وزیراعلی پنجاب مال منڈی میں ہیلی پیڈ پر پہنچے تو وہاںسے گاڑی میں بیٹھ کر ہسپتال پہنچے جہاں انہوںنے عوام سے ہسپتا ل کے حالات کے بارے میں دریافت کیا بعدازاں انہوںنے ایم ایس کے دفتر میں جا کر ان کا دفتر ایک رہائش گاہ میں ہونے پر ایم ایس کی سرزنش کی اور انہیں فوری دفتر ہسپتال کی عمارت میں شفٹ کرنے کا حکم دیا۔