معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی زیر صدارت اجلاس،ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ

منگل 29 نومبر 2016 22:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر کی زیر صدارت ان کے دفتر پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کیلئے مختلف پہلوئوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی حامد الحق،صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ کے اراکین ارباب جہانداد خان، شوکت یوسفزئی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلی حکام کے علاوہ خیبر پختونخوا ٹرانسپورٹ اونر کنفڈریشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔

ٹرانسپورٹ اونر کنفڈریشن کے عہدیداروں حاجی الماس خان اور دیگر نے ٹرانسپورٹروں کو درپیش مسائل و مطالبات سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا جسے خوش ا سلوبی سے حل کرنے کیلئے شرکا نے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ٹرانسپورٹروں کے اہم مسئلے کے فوری حل کیلئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جب تک ماس ٹرانزٹ منصوبے کی بسیں مجوزہ روٹس پر نہیں چلیں گی اس وقت تک پرانے پرمٹ رکھنے والی گاڑیوں کو بھاری جرمانہ سے استثنی حاصل ہو گا اور جب پرمٹوں کے تجدید کا مرحلہ شروع ہو جائے تو پرانے پرمٹ کی حامل گاڑیوں کے مالکان کیلئے پرمٹوں کی تجدید پر اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے سمری تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے جلد منظوری کیلئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو ارسال کیا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ یہ ایک عوامی مسئلہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف عوام کے عظیم تر مفاد میں ہر وہ قدم اٹھائے گی جس سے عام لوگوں کو سہولت میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات معاملات نمٹاتے وقت قانونی مجبوریاں آڑے آجاتی ہیں تاہم باہمی مشاورت اور خلو ص نیت سے تمام مسائل کا بہتر حل ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹرانسپورٹروں کا تعاون ناگزیر ہے ۔اس موقع پر ٹرانسپورٹروں نے معاون خصوصی اور کمیٹی کے دیگر ارکان کا ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔