لیگی قیادت کا بلدیاتی انتخابات میں لیگی اراکین اسمبلی اور عہدیداروں کی طرف سے پارٹی رولز کی خلاف ورزی کا نوٹس

لیگی اراکین اسمبلی اور عہدیدران پارٹی قیادت کے حکم کی پابندی کریں، خلاف ورزی کرنے والے اراکین اسمبلی کوا لیکشن 2018 میں ٹکٹ نہیں دیاجائے گا،لیگی قیادت نے وارننگ دیدی مئیر،ڈپٹی مئیر اور چیئرمینوں کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ پارلیمانی بورڈز کریں گے،تمام گروپوں کو پارٹی قیادت کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرنا ہو گا،لیگی قیادت نے پارٹی عہدیدران اور اراکین اسمبلی کو ہدایات جاری کردیں

منگل 29 نومبر 2016 22:17

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) مسلم لیگ(ن)کی قیادت نے پنجاب میں چئیرمینوں،مئیر،ڈپٹی مئیراور میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات میں لیگی اراکین اسمبلی اور عہدیداروں کی طرف سے پارٹی رولز کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا ہے۔ لیگی اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اورعہدیدران کوورارننگ دی گئی ہے کہ وہ پارٹی قیادت کے حکم کی پابندی کریں۔

خلاف ورزی کرنے والے اراکین اسمبلی کوا لیکشن 2018 میں ٹکٹ نہیں دیاجائے گا۔ صوبہ بھر کی ضلع کونسلوں ، میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کمیٹیوں میں مئیر،ڈپٹی مئیر اور چیئر مین اور وائس چیئر مینز کے پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے تشکیل کردہ پارلیمانی بورڈز کریں گے۔ تمام گروپوں کو پارٹی قیادت کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ہونے والے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز کے مخصوص نشستوں کے انتخابات میں کامیاب ہونے والوں کی فہرستوں کا جائزہ لینے کے بعد صوبہ کے 19 اضلاع میںجہاں پارٹی رولز کی خلاف ورزی ہوئی تھی ان کی تحقیقات کر رہی ہے۔

مسلم لیگ(ن)کے اراکین اسمبلی اور بعض پارٹی عہدیدران کی گروپ بندی کے سبب بلدیاتی انتخابات کی مخصوص نشستوں پرمسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ ہولڈرزکوشکست ہوئی تھی اورآزاد امیدواروں کی اکثریت کامیاب ہوگئی تھی ،جنہوں نے بعد میں مسلم لیگ(ن)میں شمولیت اختیارکی ۔تاہم بعض اراکین اسمبلی کی طرف سے آزاد امیدواروں کی حمایت اور گروپ بندی کے سبب لیگی ٹکٹ ہولڈرز اور نظریاتی کارکنوں کو خاصا نقصان پہنچا جس پر پارٹی قیادت نے تمام اضلاع کے لیگی ارکان اسمبلی اور مقامی قیادت کے ساتھ ساتھ مختلف دھڑوں میں بٹے ہوئے پارٹی عہدیدران کو سخت وارننگ دی ہے کہ چیئر مینوں، میئر اور میونسپل کمیٹی کے انتخابات میں پارٹی قیادت کے حکم کی پابندی کریں ۔

اگر کسی نے بھی پارٹی قیادت کے حکم کی خلاف ورزی کی تو اس کی پارٹی رکنیت معطل کردی جائے گی اور الیکشن 2018 میں اس کی درخواست برائے الیکشن امیدوار بھی زیر بحث نہ لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق قیادت کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پارٹی قیادت کی نامزدگی سے قبل کسی کو بھی چیئر مین اور میئر کے تشریح نہ کی جائے، تمام گروپ اپنے اپنے چیئر مینوں، ڈپٹی چیئر مینوں، میئر اور ڈپٹی میئروں کے نام پارٹی قیادت کو ارسال کریں جس کے بعد ہی بنائی جانے والی کمیٹیاں صوبہ بھر کے اضلاع میں ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز اور میئرز و ڈپٹی میئرز کے ناموں کا فیصلہ کریں گی اورمخصوص نشستوں کی طرح حکومتی جماعت کا کوئی ایم این اے یا ایم پی اے آزاد امیدوار کو سپورٹ نہیں کرے گا، بلکہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز میں جن امیدواروں کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت نامزد کرے گی۔

انہیں ہی اراکین اسمبلی اور یو سی چیئر مینز کامیاب کروائیں گے۔