طلبا و طالبات کی معیاری تعلیم و تربیت کیلئے انقلابی اصلاحات سے تعلیمی شعبہ میں مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں‘ صوبہ بھر میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور 70ہزارسے زائد بچوںکا سکولوں میں داخلہ پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی کارکنوں سے گفتگو

منگل 29 نومبر 2016 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت طلبا و طالبات کی معیاری تعلیم و تربیت کیلئے انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہے جس سے تعلیمی شعبہ میں مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات سے معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد مل رہی ہے ۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی وکارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ کر کے 70ہزارسے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائدباصلاحیت اورقابل اساتذہ بھرتی کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

رواں سال مزید 80ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیاہے ۔انہوںنے کہا کہ سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام اور ٹیبلٹس کی فراہمی کا پروگرام بھی پنجاب حکومت کا خوش آئند اقدام ہے۔پنجاب حکومت کے ان اقدامات سے قوم کے نونہال جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں طلبہ کی داخلہ کی شرح بڑھانے کیلئے ایکشن پلان پر عملدر آمد جاری ہے ۔

انہوںنے کہا کہ سکولوں میںمعیاری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہرممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ2018ء تک سکولوں میں36302 اضافی کلاس روم بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں انقلابی اقدامات پر عملدر آمد سے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔