ہماری فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کیخلاف طویل جنگ میں بر سر پیکار ہیں‘ محمد رفیق رجوانہ

ہماری سیاسی قیادت ملک کی نظریاتی سرحدوں اور عسکری قیادت جغرافیائی سرحدوں کی حفاطت میں پیش پیش ہے،سیاسی اور عسکری مضبوط اتحاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کوہمیشہ کے لیے بے نور کر دیا جائے گا‘گورنر پنجاب کانیوری وار کالج میں زیر تربیت46ویں کورس کے افسران سے خطاب

منگل 29 نومبر 2016 22:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت ملک کی نظریاتی سرحدوں اور عسکری قیادت جغرافیائی سرحدوں کی حفاطت میں پیش پیش ہے،سیاسی اور عسکری مضبوط اتحاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کوہمیشہ کے لیے بے نور کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان نیوری وار کالج میں زیر تربیت46ویں کورس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ایک کامیاب سپہ سالار کے طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک لے جانے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں ہیں اور نئے آرمی چیف بھی عوامی امنگوں کے مطابق انہیں روایات کو آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری فوج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف ایک لمبی جنگ میں بر سر پیکار ہیں اور اس جنگ میں شہید ہونے والوں کا خون ضائع نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پر امن فضا ہی ہمہ قسم کی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے اور آج ملک میں ہونے والی معاشی ترقی کا سہرا بھی انہیں جوانوں کے سر ہے جنہوں نے ہماری آنے والی نسلوں کو محفوظ کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی ادارے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان کی کامیابیوں کا اعتراف بیرونی دنیا بھی کر چکی ہے۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب زیادہ خدمات پاک فوج کے اہلکاروں نے سر انجام دیں ہیں جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے بھی اس میں پیش پیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحریہ ہمیشہ ملک کی سمندری سرحدوں کی حفاظت میں عوام کی امنگوں پر پورا اتری ہے اور حال ہی میں ہمسایہ ملک کی بحری آبدوز کی طرف سے سمندری خلاف ورزی پر ایکشن ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے شرکاء کی جانب سے کئے گئیمختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا محور صرف اور صرف عوامی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور سوشل سیکٹر کی بہتری کے لئے میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔قبل ازیں ادارے کے سربراہ نے گورنر پنجاب کو کورس کے مختلف خدو خال پر روشنی ڈالی۔

قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میںکمانڈ کورس(اے ایس ایس پی) مکمل کرنے والے پولیس افسران کے 42رُکنی وفد نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نسیم الزمان کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میں آنے والے نئے افسران نڈر اور بے خوف ہیں اور وہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہیں ۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں اور ایسا طرز عمل اختیار کریں کہ عوام پولیس اسٹیشن میں آتے ہوئے خوف کا شکار نہ ہوں ۔بعد ازاںگورنر پنجاب نے سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہو ںنے اپنی عسکری و قومی ذمہ داریوں کو جس خوش اسلوبی سے نبھایا ہے وہ ملکی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی ،انکی سپہ سالارانہ قیادت میں ہماری مسلح افواج نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی کمر توڑ دی - گورنر پنجاب نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو نئے چیف آف آرمی سٹاف کا حلف اٹھانے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ دنیا کی بہترین اوربہادر فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں اور انشاء اللہ وہ مستقبل میں پاکستان کے دفاع کے لیے بہترین سپہ سالار ثابت ہو ں گے۔

دریں اثناہء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سینیٹ میں قائد ایوان ظفر الحق کو ٹیلی فون پر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین یہ صد مہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ (آمین)۔

متعلقہ عنوان :