چشتیاں، نجی چینلز پر پابندی کے خلاف صحافیوں کی احتجاجی ریلی ، حکومت اور پیمراسے پابندی کا فیصلے واپس لینے کا مطالبہ

منگل 29 نومبر 2016 22:02

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) نجی چینلز پر پابندی عائد کرنے پر چشتیاں کے صحافیوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔منگل کے روز نکالی گئی اس ریلی کے شرکائ نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے۔ جن پر مختلف مطالبات درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں رانا محمداکرم، محمدابوبکر چودھری ، چودھری فقیر حسین ، سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری محمداصغر نے کہا کہ حکومت نے آئے روز ٹی وی چینلز پر بلا جواز پابندیاں لگانے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے اور پنجاب کے صحافیوں کے خلاف آئے روز جھوٹے مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔

ایسے ہتھکنڈوں سے صحافیوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔صحافیوں نے اپنے حقوق کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور ہر دور میں سچ دکھانے اور چھاپنے میں اپنا مثبت کر دار ادا کیا ہے اور تمام رکاوٹوں اور سختیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اور پیمرانے نجی چینلز پر عائد پابندی کے فیصلے کو فی الفور واپس نہ لیا اور پنجاب کے صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کا سلسلہ بند نہ کیا تو صحافی برادری صوبائی درالحکومت سمیت اسلام آباد تک احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

احتجاجی ریلی میں چشتیاں کے معروف صحافیوں رانا محمداصغر ، مرزا لیاقت بیگ ، سلیم اختر بھٹی ، سید منیر شاہ ، چوہدری خالد منیر ، یٰسین ظفر ، عامر سہیل ، قاضی الطاف ، اشفا ق اور عرفان سمیت دیگر جونیئرز صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔