پنجاب یونیورسٹی میں ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے سٹڈی گروپ قائم کرنے کا فیصلہ

ماحولیاتی آلودگی پر پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کام کر رہے ہیں اس گروپ میں سب کو شامل کریں گے‘مجاہد کامران ناسا کی تصویروں کے مطابق بھارت میں وسیع پیمانے پر فصلیں جلائی گئیںاور کوئلہ جلایا گیا اگر اس سلسلے میں ہم شواہد اکٹھے کر لیں تو عالمی عدالتوں میں کیس چلایا جا سکتا ہے‘وائس چانسلر پنجا ب یونیورسٹی

منگل 29 نومبر 2016 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے صوبے کو درپیش آلودگی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے پولیوشن سٹڈی گروپ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز کے زیر اہتمام سموگ پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ہیڈ آف سیٹلائیٹ مانیٹرنگ گروپ سپارکو شعیب شفیق ، معروف قانون دان احمد رافع عالم، میٹرولوجیکل آفس کے ڈیوٹی فورکاسٹنگ آفیسر سید پرویز حسین ، چیف اینوائرمینٹلسٹ سیل علیم بٹ، ہیڈ آف پاکستان گرین بلڈنگ گائیڈلائنز محمد صہیب طاہر ، ماحولیاتی ماہرین، فیکلٹی ممبران اور طلبائ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کام کر رہے ہیں اس گروپ میں سب کو شامل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی ریسرچ گروپ نے اہم ترین پیش گوئیاں کیں جس سے حکومت اور عوام کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ناسا کی تصویروں کے مطابق بھارت میں وسیع پیمانے پر فصلیں جلائی گئیںاور کوئلہ جلایا گیا اگر اس سلسلے میں ہم شواہد اکٹھے کر لیں تو عالمی عدالتوں میں کیس چلایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیوشن سٹڈی گروپ کے لئے آلات کی خریداری اور دیگر مالی و افرادی ضرورتوں کو پوری کرنے کے لئے انتظامیہ تمام وسائل فراہم کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے سموگ کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر تحقیق ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں لاہور کو سموگ کا سامنا بھارت کی وجہ سے کرنا پڑا۔

بھارت پاکستان کے لئے ماحولیاتی مسائل بھی پیدا کر رہا ہے۔ احمد رافع عالم نے کہا کہ عدالتوں نے ماحول کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ماحول سے متعلق بین الاقوامی قوانین کافی سخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ سموگ میں کردار کو ثابت کرنے پر بین الاقوامی عدالتوں میں کیس کیا جا سکتا ہے۔ سید پرویز حسین شاہ نے سموگ کی وجوہات اور نقصانات پر تفیصیلی بریفنگ دی۔ علیم بٹ نے کہا کہ پاکستان میں سموگ کے پیچھے بھارت کا کردار ہے کیونکہ بھارت ذیادہ تر بجلی کوئلے سے پیدا کرتا ہے۔