آلو انسانی خوراک میں توانائی حاصل کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے، محکمہ زراعت

منگل 29 نومبر 2016 14:33

ملتان۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2016ء)محکمہ زراعت ملتان کے مطابق آلو نہ صرف دنیابلکہ پاکستان کی اہم ترین فصلوں میں سے ایک ہے آلو کو ایک طرح سے مکمل غذا کہا جا سکتا ہے جو تمام سبزیوں میں غذائیت اور وافر دستیابی کی وجہ سے برتر حیثیت کی حامل ہے۔ آلو انسانی خوراک میں توانائی حاصل کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے۔ یہ نشاستہ،وٹامنز خاص طور پر وٹامن سی اور بی-1 اور نمکیات کا بھرپور ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

آلو کی فصل پر بہت سے ضرر رساں کیڑے اور بیماریاں حملہ آور ہوکر فصل کو نقصان پہنچاتی ہیں اور پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ آلو کے کیڑوں میں چور کیڑا جس کے انسداد کیلئے پروانے تلف کرنے کے لئے روشنی کے پھندے لگائے جائیں۔ کھیت کو مناسب وقفہ سے پانی لگاتے رہیں کیونکہ اس سے کیڑے کا حملہ کم ہوتا ہے۔ چست تیلہ ، سست تیلہ اور سفید مکھی کے تدارک کیلئے فصل کی باقیات کوختم کیا جائے۔ مزید برآں ان کیڑوں کے انسداد کیلئے متبادل خوراکی پودے اور جڑی بوٹیاں تلف کی جائیں۔آلو کی فصل پر حملہ آور ہونے والے تمام قسم کے کیڑوں کے کیمیائی انسداد کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کے ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہر وں کا سپرے کیا جائے۔