چھوٹے کاشتکاروں کوپنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کی جانب سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی جاری

منگل 29 نومبر 2016 14:32

فیصل آباد۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2016ء)پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے ذریعے فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے چھوٹے کاشتکاروں کو بیج ، کھاد، کرم کش ادویات و دیگر زرعی لوازمات کے حصول کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ بھر پور طریقے سے جاری ہے جبکہ قرضہ جات کا اجراء 31جنوری2017ء تک جاری رکھا جائیگا ۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ فصلات ربیع سال 2016-17ء کیلئے چھوٹے کاشتکاروں کو برق رفتاری سے قرضہ جات کا جراء جاری ہے اور 31جنوری تک انہیں کم از کم اڑھائی ارب روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوںنے بتایاکہ جہاں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے حکام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھوٹے کاشتکاروںکو قرضوں کی فراہمی میں کسی تساہل سے کام سے نہ لیں وہیں انہیں فصل خریف کے قرضوں کی بر وقت وصولی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بینک کوآپریٹو سوسائٹیز کو پیداواری قرضہ جات کے اجراء کے علاوہ درمیانی مدت کے قرضہ جات برائے خرچہ ٹریکٹر، زرعی مشینری اور بھیڑ ، بکری ، مویشی وغیرہ کیلئے بھی قرضوں کا اجراء کر رہا ہے ۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ بینک کے قرض داران اپنے بقایاجات اور واجبات کی جلد ادائیگی یقینی بنائیں گے تاکہ انہیں مزید بہتر اندازمیں زیادہ سے زیادہ قرضوںکی فراہمی کا سلسلہ جاری و ساری رکھا جا سکے۔