سرکاری سکولوں میں تدریسی انتظام بہتر بنانے کیلئے افسران فرائض تندہی سے ادا کریں، میاں آفتاب

پیر 28 نومبر 2016 22:48

فیصل آباد۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی روڈ میپ کے تحت ضلع کے سرکاری سکولوں میں تدریسی انتظام وانصرام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کے افسران اپنے فرائض تندہی سے ادا کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کرکے ضلع صوبائی سطح پر رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کر سکے۔ یہ بات ڈی سی او سلمان غنی کی ہدایت پر ڈی او(سی)میاں آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ایم او صنم گوندل نے مانیٹرنگ رپورٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔

ای ڈی او ایجوکیشن بشیر زاہد گورایہ،ڈی او سکینڈری ایجوکیشن علی احمد سیان، ڈی او بلڈنگز طاہر محمود اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے ضلع کے بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کی مطلوبہ شرح سے کم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سکولوں میں طالب علموں کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کے داخلوں کو برقرار رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت پلاننگ کی جائے اس ضمن میں والدین سے بھی گہرا رابطہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عادی غیر حاضر ٹیچرز کا کڑا احتساب کیا جائے اور انہیں راہ راست پر لائیں تاکہ تعلیمی پالیسی کی کامیابی میں حائل رکاوٹ دور ہوسکے۔اس موقع پر ای ڈی او ایجوکشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی روڈ میپ پر عمل درآمد اور دیگر انتظامی امور سے آگاہ کیا۔