لاوارت بچوں کے لئے چائلڈ پروٹیکشن کی بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہے ،ڈی سی او

پیر 28 نومبر 2016 22:48

فیصل آباد۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2016ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر بے سہارا اور لاوارت بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ملت روڈ پر 39 کنال اراضی پر 20 کروڑ روپے کی لاگت سے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی وسیع و عریض بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہے جس میں بوائز و گرلز ہاسٹل ‘ سکول ‘پلے گرائونڈ اور ایڈمن بلاک سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔

ڈی سی او سلمان غنی نے ملت روڈ پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا اور مختلف حصوں کی تعمیراتی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ایم پی اے میاں طاہر جمیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی او نے ہدایت کی کہ اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے اور اس اہم منصوبہ میں توسیع کی گنجائش بھی ہونی چاہئے تاکہ مستقل میں اس پراجیکٹ کو مزید وسعیت دی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعمیراتی کام تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جمالیاتی ذوق کے مطابق بلڈنگ کے حسن کو اجاگر کیا جائے۔ڈی سی او نے چائلڈ پروٹیکشن افسران سے کہا کہ وہ منصوبے کے تعمیراتی مراحل کی مسلسل نگرانی کریں۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی زیر تعمیر بلڈنگ سے ملحقہ روڈ کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ روڈز کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔

ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب محروم طبقہ کی بھلائی و بحالی کے لئے متعدد فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے اس سلسلے میں بے سہارا اور عدم توجہی کا شکار بچوں کی فلاح و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور وسیع و عریض بلڈنگ کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اس موقع پر ڈی او چائلڈ پروٹیکشن بیورو الفت عباس نے بتایا کہ زیر تعمیر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں بوائز و گرلز کے لئے علیحدہ علیحدہ ہاسٹل تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 100 / 100 لڑکوں اور لڑکیوں کی گنجائش ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ بیورو میں سکول کی تعمیر کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ دیگر سہولیات تیز رفتاری سے مکمل کی جارہی ہیں۔