دہشت گردی کاخوف ختم کرنے کے لئے اطلاعات کی بروقت ترسیل کویقینی بنایاجائے، عثمان خٹک

پیر 28 نومبر 2016 22:44

ملتان۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2016ء)ایڈیشنل آئی جی پولیس (ٹریننگ) پنجاب کیپٹن (ر)عثمان خٹک نے پولیس اورمیڈیاکے درمیان بہترتعلقات کی ضرورت پرزوردیاہے تاکہ لوگوں تک بروقت معلومات پہنچاکے ان کے دل سے دہشت گردی کاخوف ختم کیاجاسکے ۔جنوبی پنجاب کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی ٹریننگ ورکشاپ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دہشت گردی خوف وہراس پھیلاتی ہے اورہمیں اس خوف کو پولیس اورمیڈیاکے درمیان فاصلے کم کرکے ختم کرناہوگا اورتیزی سے اطلاعات کی ترسیل کویقینی بناناہوگا۔

وزارت اطلاعات ونشریات کے زیراہتمام منعقدہونے والی اس ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے صحافیوں اورپولیس افسروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔عثمان خٹک نے مزیدکہاکہ اگرمعاشرے میں خوف کی یہی فضا برقرار رہی توبین الاقوامی برادری ہم سے دورہوجائے گی کیونکہ کسی بھی معاشرے کابرا امیج اسے تنہاکردیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزیدکہاکہ پولیس اورمیڈیاکو ایک دوسرے کے مسائل کوسمجھناچاہیے‘ پولیس افسروں اورصحافیوں کوایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہناچاہیے اورموجودہ فاصلے کو ختم کرنے کیلئے طریقہ کارپرغورکرناچاہیے۔اطلاعات کی بروقت ترسیل سے یہ فاصلہ بھی ختم ہوجائے گا۔پولیس اورصحافیوںنے مستقبل میں مشترکہ کوششوں پراتفاق کیاتاکہ عوام کے لئے مزیدآسانیاں پیداہوسکیں ۔