فیصل آباد،چک جھمرہ میں کمیونٹی آئوٹ ریچ سینٹر کا افتتاح کر دیاگیا

پیر 28 نومبر 2016 22:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2016ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دمیں پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت کے زیراہتمام چک نمبر189ر ۔ ب رسول پور چک جھمرہ میں کمیونٹی آئوٹ ریچ سینٹر کا افتتاح کر دیاگیا۔ چیئرمین یونین کونسل رانا اعظم خاں نے معززین علاقہ اور یونیورسٹی ماہرین کے ہمراہ سینٹر کا افتتاح کیا۔

واضح رہے کہ پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت نے فیصل آباد اور اوکاڑہ کی ہر تحصیل میں چھ کمیونٹی آئوٹ ریچ سنٹرز قائم کئے ہیںجن کا مقصد انفرمیشن و کمیونٹی کمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے علاقہ کے کسانوں تک وہ تمام معلومات اور ٹیکنالوجی پہنچانا ہے جس کی مد د سے ان کے طرز کاشتکاری میں نمایاںبہتری لاتے ہوئے فی ایکڑ آمدن میں اضافہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروگرام چیئر آئوٹ ریچ ڈاکٹر بابر شہباز‘ ڈاکٹر اظہار احمد خاں‘ ڈاکٹر سعید احمد‘ ڈاکٹر سردار عالم‘ ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر‘ ڈاکٹر عاطف رندھاوا اور ڈاکٹر قمر بلال نے سنٹر کے ذریعے کی جانیوالی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین یونین کونسل رانا محمد اعظم خاں نے سینٹر کے قیام پر پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی سی ٹی کے بڑھتے ہوئے کردار کی وجہ سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر یونین کونسل میں ایسے سینٹر قائم کئے جائیں۔تقریب میں میاں لیاقت علی‘ محمد یاسین‘ محمد شعیب یوسف‘ حاجی قاضی عبدالرزاق اور حاجی محمد سلیم سمیت علاقہ کے کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔