جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے نومنتخب اراکین شوریٰ کا اہم اجلاس، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا

جماعت اسلامی کے ارکان وشوریٰ حالات کی تبدیلی ، برائی وظلم اور کرپشن کیخلاف بھرپور کر دار ادا کریں گے، مولانا عبدالحق ہاشمی

پیر 28 نومبر 2016 21:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2016ء) جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے نومنتخب اراکین شوریٰ کا اہم اجلاس زیر صدار ت ضلعی امیر مولاناعبدالکبیر کاکڑ الفلاح ہائوس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے نومنتخب اراکین ضلعی شوریٰ سے حلف لیا۔اس موقع پر مشاورت سے ضلعی نظم تشکیل دی گئی جس کے مطابق مولانارحمت اللہ موسیٰ خیل ،غلام رسول محمد شہی ،سکندر لانگا ایڈوکیٹ،سلطان محمد کاکڑ کو نائب ضلعی امراء، حافظ نور علی کو جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کا جنرل سیکرٹری ،حاجی نصیب اللہ درانی ،صبغت اللہ بلوچ ،اعجاز احمد عاجزکو ڈپٹی جنرل سیکرٹریز،مفتی محمود احمدمنصوری کو ناظم مالیات ،نقیب اللہ کو جماعت اسلامی یوتھ کوئٹہ کے صدر،قاری عبدالناصر کو ناظم شعبہ تربیت ،مفتی سمیع اللہ کو ناظم دفترمقرر ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا ہے ،رواں ہفتے تمام زونزکے اجتماعات منعقدکیے جائیں گے ۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے نومنتخب ضلعی شوریٰ اجلاس سے خطاب کرتے کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے ارکان وشوریٰ حالات کی تبدیلی ،عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام ،برائی ومنکرات وظلم اور کرپشن کے خلاف بھرپور کر دار ادا کریں لوگوں کو جماعت اسلامی میں شامل ہونے کی دعوت دیں ،جماعت اسلامی کرپشن وموروثیت وبدنامی ولوٹ مار سے پاک ملک کی سب سے بڑی حقیقی جمہوری اسلامی پارٹی ہے ۔

خاندانی قبضہ سے اس وقت پاکستان میں صرف جماعت اسلامی پاک ہے بار بارمختلف اعلیٰ سرکاری عہدوں پر رہنے کے باوجودجماعت اسلامی کے کسی بھی ممبر نے کوئی کرپشن نہیں کی اور عوامی خدمات کے دیانتداری سے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں بلوچستان کو ظلم وجبر سیاسی مالی اخلاقی کرپشن سے جماعت اسلامی پاک کریگی عوام نے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کو آزمالیامگر نہ مسائل حل ہوئے اور نہ مثالی حکومت قائم ہوئی صرف وعدوں وبے عمل اعلانات کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ہم اس ملک کو اسلامی وخوشحال بناکر عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں گے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔