سیالکوٹ لاہور موٹر وے کی تحصیل ڈسکہ سے گزرنے والی 19کلومیٹر طویل شاہراہ کیلئے 5 ہزار 90کنال اراضی مختص

پیر 28 نومبر 2016 20:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2016ء) سیالکوٹ لاہور موٹر وے کی تحصیل ڈسکہ سے گزرنے والی 19کلومیٹر طویل شاہراہ کیلئی18دیہات کی5 ہزار 90کنال اراضی مختص ،ایک ارب 18کروڑ کے فنڈز جاری ،متاثرہ درختوں اور عمارتوں کی ادائیگی کیلئے 30کروڑ روپے کی رقم جاری نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے سیالکوٹ لاہورموٹر وے ایم 11کی تعمیر کیلئے تحصیل ڈسکہ میں ابتدائی سروے مکمل کرلیا ہے اورمذکورہ 18 دیہات جامکے چیمہ ،راجو کے ،چک گلاں ،کانواں لٹ ،کوٹلی چھمب والی ،پیگووالی،وڈالیاں،ساہکے،لڑھکی،پٹے وڈ،سلوکے،رام رائیاں کلاں ،رام رائیاں خورد،اکبر،ٹالی والا،کوٹلی خبرہ،کوٹلی کول رام،وڈالا سندھواں کے کاشتکاروں ،عمارتوں اور درختوں کے مالکان کو آگاہ کردیا ہے کہ آپ کی اراضی 5ہزار 90کنال ساڑھے 5مرلہ سیالکوٹ لاہور موٹروے میں شامل کی جارہی ہے او ر موٹر وے کی زد میں آنے والی عمارتوں اور درختوں کو ختم کردیا جائیگا جبکہ مذکورہ اراضی میں دسمبر 2016ء میں گندم ویگر اجناس کی کاشت نہ کی جائے جبکہ متاثرہ دیہاتوں اور رائس ملز مالکان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی رہائشیں منتقل کرنے کیلئے قبل ازوقت اقدامات کرلیں۔

(جاری ہے)

موٹر وے کی تعمیر کیلئے زرعی اراضی کا فی ایکٹر تخمینہ 18لاکھ 54ہزار 616روپے لگایا گیا ہے۔ تاہم موٹر وے کی زد میں آنے والے درختوں اور عمارتوں کیلئے 30کروڑ روپے کی رقم جاری نہ ہوسکی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی تحصیل ڈسکہ کے 12پٹوار حلقوں سے حاصل کی جارہی ہے اور وہاں پر زرعی اراضی کا سرکاری ریٹ فی ایکٹر 30لاکھ روپے ہے ۔ یاد رہے کہ تحصیل ڈسکہ میں 19کلومیٹر سیالکوٹ لاہور موٹروے ،جامکے چیمہ سے داخل ہوگئی جبکہ وڈالا سندھواں نہر کو کراس کرتے ہوئے تحصیل کامونکی میں داخل ہو جائیگی۔

یاد رہے کہ سیالکوٹ موٹر وی88کلومیٹر طویل ہوگی،جس میں 6انٹرچینج ، 34 انڈر پاسز،26 چھوٹے بڑے پل ،2یونیورسٹیاں اور3انڈسٹریل زون بنائے جائیں گے۔سیالکوٹ موٹر وے منصوبے پر 43.85ارب روپے لاگت آئے گی۔یہ موٹر وے 4 لائن پر مشتمل ہوگااور اس کو ایف ڈبلیو او 2018 تک مکمل کرے گا۔اس موٹر وے کو بعد میں گجرات ، میر پور آزاد کشمیر اور مظفرآباد موٹروے کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔جس سے پاکستان سے آزاد کشمیر کا رابطہ بذریعہ موٹر وے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔تاہم تحصیل سمبڑیال میں 9کلومیٹر طویل موٹروے کیلئے اراضی کا سروے مکمل نہ ہوسکا ہے۔

متعلقہ عنوان :