سی پیک کے خلاف بھارت سمیت امریکہ ، اسرائیل اور مغربی ممالک سازشوں میں مصروف عمل ہیں ، ذکر اللہ مجاہد

پاکستان کا پانی روکنے کی بھارتی دھمکی کھلی دہشت گردی ہے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 28 نومبر 2016 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ بھارت سمیت امریکہ ، اسرائیل اور مغربی ممالک سی پیک منصوبے کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جماعت اسلامی یونین کونسل 109کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گروپ لیڈر محمد شفیق ملک ، جنرل کونسلر محمد اکبر ساقی ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبے سے پاکستان کا اقتصادی مستقبل روشن ہو گیا ہے ۔روشن اور ترقی یافتہ پاکستان ہمارے ازلی دشمن بھارت کو ایک نظر برداشت نہیں ہو رہا ہے ۔سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد حکومت کو آبی ذخائر کے منصوبوں کوفی الفور شروع کرنا ہوگا تاکہ ملک کے اندر سے توانائی بحران کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مودی کی پاکستان کے پانی کو ایک بار پھر روکنے کی دھمکی سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی اور کھلی دہشت گردی ہے ، سندھ طاس معاہدہ کا ضامن بین الاقوامی بنک ہے، اگر بھارت کی طرف سے پاکستانی دریائوں کا پانی بند کرنے کی کوشش کی گئی تو عالمی برادری کی طرف سے نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں کے خلاف شدید احتجاج ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران عالمی سطح کے احتجاج کے ذریعے اقوام متحدہ میں ایسا ماحول پیدا کریں کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں سے پیدا شدہ صورتحال اور خطے کے امن کو درپیش سنگین خطرات سے دنیا کو باور کروایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کر تا ہے تو بھارت کوبڑا ملک ہونے کی بنا پر بڑے نقصان کا سامنا کرناپڑے گا اور پورے خطے کا امن تباہ و برباد ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی پارٹیوں کو اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی سا لمیت کے لیے ایک موقف پر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کامکروہ چہرہ دنیا کے سامنے کھل کر بے نقاب ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی حمایت میں پیش پیش ہے اس لیے اب مودی سرکار کی طر ف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت نے ایک بار پھر پانی کا شوشہ چھوڑ دیا ہے ۔