ْ حکومت نے کسانوں کو ریلیف دے کرزرعی انقلاب کا وعدہ پورا کردیا ، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی

عمران خان کی بندوق اٹھا کر خونی انقلاب لانے کی دھمکی بچگانہ بات ہے،سردار شیر علی گورچانی

پیر 28 نومبر 2016 19:56

راجن پور۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2016ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہاہے کہ حکومت نے کسانوں کو ریلیف دے کرزرعی انقلاب کا وعدہ پورا کردیا ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور خوشحالی آئی ہے ۔ جام پور میں اپنی رہائش گاہ پر چیئرمین یوسیز، عمائدین علاقہ کے وفوداور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی اور بیروزگاری جواس حکومت کو ورثہ میں ملی تھی مگر حکومت نے مربوط حکمت عملی کے تحت اس چیلنج کو باآسانی قبول کیا اور بالآخر کامیابی ملی ملک میں امن کا دوردورہ ہے۔

تمام افراد کو برابری کی بنیاد پر بنیادی انسانی حقوق مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دفاع پاکستان کیلئے قابل تعریف خدمات سرانجام دیں جبکہ ان کے جانے سے سی پیک اور بلوچستان میں جاری آپریشن متاثر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک دشمنوں و شدت پسندوں کی سخت حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔ جبکہ حکومت کا تعلیم، صحت، ریونیو، آبپاشی و لوکل گورنمنٹ کے شعبہ جات میں خصوصی فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کی طاقت کا اعتراف اور عوامی ریلیف کے کاموں میں تشہیر کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بندوق اٹھا کر خونی انقلاب لانے کی دھمکی بچگانہ بات ہے جبکہ انکی دھرنا سیاست ملک میں انتشار کی ناکام سازش ہے۔ عمران خان شخصی عنادرکھ کر ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں جسے پوری قوم نے مسترد کردیا ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرکے انتخابات کرواکرعوامی بھاری مینڈیٹ سے ملک بھر میں کلین سویپ کریگی۔اس موقع پر ضلع راجن پور کی مختلف یوسیز کے چیئرمینوں نے سردار شیرعلی خان گورچانی کو اپنے اپنے علاقائی مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ آفیسران سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :