دو روزہ گلگت بلتستان میلہ لوک ورثہ میں اختتام پذیر ہوگیا

اتوار 27 نومبر 2016 21:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) دو روزہ گلگت بلتستان میلہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیرٹیج لوک ورثہ میں اختتام پذیر ہوگیا۔ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ گلگت بلتستان تاریخی ثقافتی ورثہ سے مالا مال ہے اور مقامی فنکار اس کے فروغ کیلئے سخت محنت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈوگرہ راج سے گلگت بلتستان کی آزادی کا جشن منانے کیلئے گلگت بلتستان میلہ کے انعقاد پر لوک ورثہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ثقافتی ورثہ کو بطور انڈسٹری فروغ دینے کیلئے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے منتظمین اور میلہ میں شرکت کرنیو الے بچوں کیلئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ قبل ازیں اپنے استقبالی خطاب میں لوک ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ میلہ کے انعقاد کا مقصد گلگت بلتستان کی ثقافت کو فروغ دینا تھا۔