سینٹ کے ملازمین کی ترقی سینٹ کی فنانس کمیٹی کے منظوری کردہ قواعد کے تحت کی جاتی ہے اور خصوصی عہدوں (ایکس کیڈر) کے افسران کو ایک مخصوص مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد اگلا گریڈ دیدیا جاتا ہے،سینٹ سیکریٹریٹ کا بیان

اتوار 27 نومبر 2016 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 نومبر2016ء) سینٹ سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ سینٹ کے ملازمین کی ترقی سینٹ کی فنانس کمیٹی کے منظوری کردہ قواعد کے تحت کی جاتی ہے اور خصوصی عہدوں (ایکس کیڈر) کے افسران کو ایک مخصوص مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد اگلا گریڈ دیدیا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ بعض اخبارات میں سینٹ کی ترقی کے حوالہ سے ایسا تاثر سامنے آیا کہ شاید ترقی کے قواعد و ضوابط میں ابہام ہے اور سینٹ سیکریٹریٹ میں ترقیاں قواعد کے مطابق نہیں ہوتیں۔

اس سلسلہ میں حقیقت یہ ہے کہ سینٹ اور اسکا سیکریٹریٹ آئین کے آرٹیکل 87 کے تحت وجود میں آیا ہے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے دائرہ کار میں نہیں آتا اور اس کے بھرتیوں کے اپنے قواعد و ضوابط ہیں جو آئین کے آرٹیکل 87 کے تحت ہیں تاہم ملازمین کی ترقی کیلئے اسٹیبلشمنٹ اسٹاکوڈ کا بھی اطلاق کیا جاتا ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی تبدیلی کی منظوری مجاز اتھارٹی سے لی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خبر میں جس پٹیشن کا حوالہ دیا گیا ہے ا س کا پٹیشنر ایک عادی درخواست گزار ہے جو اپنے رفقاء کار اور شعبہ کے سربراہ کو فریق بنا کر کیس کو ہوا دینا چاہتا ہے اور اس نے کیس کو بڑھاوا دینے کیلئے سیکرٹری سینٹ کو بھی اپنے شعبہ کے سربراہ کے ساتھ نتھی کر لیا ہے۔ درخواست گزار ایڈیٹر ڈیبیٹس مخصوص عہدے پر فائز ہے اور یہ مخصوص عہدہ عمومی طور پر کسی وفاقی محکمہ میں نہیں ہوتا۔

سینٹ سیکریٹریٹ کے مخصوص عہدوں کیلئے ترقی کے قواعد سینٹ سیکریٹریٹ کی فنانس کمیٹی کے منظور شدہ ہیں جس کے تحت مخصوص عہدے کو گریڈ 20 تک ترقی دی جا سکتی ہے اور انہیں مخصوص مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد اگلا گریڈ دیا جاتا ہے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری کی ترقیوں کے حوالہ سے اسٹیبلشمنٹ کوڈ کا اطلاع کیا جاتا ہے جو کہ عمومی عہدے ہیں۔ میڈیا کو جس منظم طریقہ سے رٹ پٹیشن دی گئی اس سے درخواست گزار نے سیکرٹری سینٹ کے آفس کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ آفس آئین کے آرٹیکل 87 کے تحت وجود میں آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :