جنرل راحیل شریف نے اپنی مدت میں ریٹائرمنٹ لیکر تاریخ رقم کردی ،راحیل شریف نے اپنی مدبرانہ صلاحیتوں سے ملک کو اندرونی بیرونی سازشوں سے محفوظ بنایا ، جس کی وجہ سے نہ صرف ملک میں قیام امن میں بہتری آئی، قوم کی دعائیں فوجی قیادت کے ساتھ ہیں جنرل قمر جاوید باجوہ کو بڑے نازک مرحلے پر فوج کی کمانڈ ملی ہے امید ہے نئی فوجی قیادت دہشتگردی کے خاتمے ،کراچی کی صورتحال اور بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے نہ صرف اپنی پالیسیوں کو جاری رکھے گی بلکہ ان کو اور موثر بنا کر قوم کی امنگوں پر پورا اتریگی

سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 27 نومبر 2016 19:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 نومبر2016ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ راحیل شریف نے مدت ملازمت میں ریٹائرمنٹ لے کر تاریخ رقم کردی ہے ،راحیل شریف نے اپنی مدبرانہ صلاحیتوں سے ملک کو اندرونی بیرونی سازشوں سے محفوظ بنایا ، جس کی وجہ سے نہ صرف ملک میں قیام امن میں بہتری آئی، قوم کی دعائیں فوجی قیادت کے ساتھ ہیں جنرل قمر جاوید باجوہ کو بڑے نازک مرحلے پر فوج کی کمانڈ ملی ہے امید ہے نئی فوجی قیادت دہشتگردی کے خاتمے ،کراچی کی صورتحال اور بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے نہ صرف اپنی پالیسیوں کو جاری رکھے گی بلکہ ان کو اور موثر بنا کر قوم کی امنگوں پر پورا اترے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور آرمی چیف کے ساتھ کھڑی ہے نئے آرمی چیف پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنائیں گے اور اپنے جرات مندانہ کردار سے سب چیلنجز کا سامنا کرکے خود کو دنیا کی بہترین فوج کا سپہ سالار ثابت کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ دہشتگردی کی جڑوں کو ختم کریں گے اور انتہا پسندی جیسے الفاظ تک بھی مٹا ڈالیں گے اس تناظر میں نئے آرمی چیف کا وسیع تجربہ ملک و قوم کیلئے انتہائی افادیت کا حامل ہوگا ،قوم امید رکھتی ہے کہ وہ فوج کے ادارہ کی روایات کو بڑھاوا دیکر درخشاں تاریخ رقم کریں گے ،نئے آرمی چیف دہشتگردی کی جنگ اپریشن ضرب عضب میں فوج کی قربانیوں کی بھی ہمیشہ معترف رہے ہیں پوری قوم نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خوش آمدید کہتی ہے ۔ دریں اثناء انہوںنے سمبڑیال کے صحافی محمد ناصر وڑائچ پر سیاسی بنیاد پرجھوٹے مقدمہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔