سیاست صرف قومی ایجنڈے پر ہونی چاہیئے‘وزیر اعظم کی قیادت میں سی پیک کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے‘آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے اپنے خون سے ناقابل فراموش داستان رقم کی ،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا سمبڑیال میں کیڈٹ کالج کی تقریب سے خطاب

اتوار 27 نومبر 2016 19:00

سیالکوٹ۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سیاست صرف قومی ایجنڈے پر ہونی چاہیئے اورکسی کو بھی ایسی سیاست نہیں کرنی چاہیئے جس سے ملکی ترقی کا عمل رک جائے ‘ ملک کی کوئی بھی سیاسی جماعت چاہے وہ میری اپنی ہی جماعت کیوں نہ ہو اگر ملکی تعمیر و ترقی کے خلاف سیاست کریگی تو اس کی بھرپور مخالفت کرونگا ‘ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ضلع سیالکوٹ کے موضع کوٹلی نوناں سمبڑیال میں واقع سیالکوٹ کیڈٹ کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شکیلہ لقمان خالد، رانا عبدالستار خاں،ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل، ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں، پرنسپل کرنل (ر) سکندر گھمن، چیئرمین سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ سیالکوٹ ملک محمد اشرف، اے ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ،اے سی توقیر چیمہ ، مشتاق بٹ اور شیخ حبیب اللہ علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی ،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاکہ وزیر اعظم کی مدبرانہ سوچ ، تمام محب الوطن سیاسی جماعتوں کے تعاون، مسلح افواج اور سول سوسائٹی کی قربانیوں کی بدولت ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے ، انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب اقوام عالم یہ تسلیم کریں گی کہ پاک فوج اور سول سوسائٹی کی دہشت گردی کے جنگ میں دی جانے والی قربانیاں دنیا کے امن کیلئے تھیں، گورنر نے کہاکہ تمام تعلیمی اداروں کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت کی تکمیل کی جانب بھی توجہ دیں ، ملک سے جہالت اور ظلمت کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے ملک کے کونے کونے میں علم کی شمعیں روشن کرنا ہونگی، انہوں نے سکول کے طلباء و طالبات کی جانب سے پیش کئے جانے والے ملی نغموں پر ٹیبلو شو اور تقاریر کے معیار کی زبردست الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ بیشک یہ بچے تعلیم میں مجھ سے کم ہیں لیکن ان کا شعور مجھ سے زیادہ ہے ، انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے اپنے خون سے ناقابل فراموش داستان رقم کی ، شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا ، انہوں نے مزیدکہاکہ حضرت علامہ محمد اقبال ؒ کو جنم دینے والی مردم خیز سرزمین پر حاضری میرے لئے باعث فخر ہے، انہوں نے کہاکہ کرنل (ر) سکندر گھمن کی جانب سے دور افتادہ علاقہ میں کیڈٹ کالج کا قیام کسی کارنامے سے کم نہیں، انہوں نے کہاکہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کو اپنے مسائل لکھیں، ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، قبل ازیں گورنر پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے ، سکول کے کیڈٹ نے مارچ پاس کیا اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

سکول کے طلباء طالبات سے مختلف ملی نغموں پر وطن سے محبت کے اظہار کیلئے ٹیبلو شو پیش کئے اور کیڈٹس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، بعد ازاں گورنر پنجاب نے سیالکوٹ کیڈٹ کالج میں سوئمنگ پول کا بھی افتتاح کیا۔