ایشیائی ترقیاتی بینک ونڈ فارم کی تعمیر کیلئے ٹرائیکون بوسٹن کنسلٹنٹ کارپوریشن کو 75 ملین ڈالر کی امداد بطور قرض فراہم کرے گا

توانائی کے شعبہ میں نجی شعبہ کی شراکت کو فروغ دینے کے متعدد اقدامات کا آغاز ہو گا منصوبے کے فعال ہونے سے 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہم وزن دیگر گیسز کے اخراج میں کمی آئیگی

اتوار 27 نومبر 2016 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2016ء) ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں سب سے بڑے ونڈ فارم کی تعمیر کیلئے ٹرائیکون بوسٹن کنسلٹنٹ کارپوریشن کو 75 ملین ڈالر کی امداد بطور قرض فراہم کرے گا جس کے تحت توانائی کے شعبہ میں نجی شعبہ کی شراکت کو فروغ دینے کے متعدد اقدامات کا آغاز ہو گا۔ ملک میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تنصیب کی مجموعی گنجائش کو 590.5 میگاواٹ تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ مختلف منصوبے لگا کر توانائی کی ضرویات کو پورا کیا جا سکے۔

نجی شعبہ کے ذریعے پاکستان میں پون بجلی کی تیاری میں سرمایہ کاری کا ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ تیسرا بڑا معاہدہ ہے۔ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی پاکستان کے مرکزی توانائی خریداری کے ادارے کو 20 سالہ لین دین کے خریداری معاہدے کے تحت فروخت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نجی شعبہ کے آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے ماہر سرمایہ کار محمد اعظم ہاشمی نے کہا کہ یہ ونڈ فارم پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع کو بروئے کار لانے کے اقدامات اور کوئلہ اور پٹرولیم سے بجلی پیدا کرنے پر انحصار کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس منصوبے کے فعال ہونے سے 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہم وزن دیگر گیسز کے اخراج میں کمی آئے گی اور توانائی بحران پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔اس منصوبے کے سپانسرز میں توانائی کے مقامی پروڈیوسر سفائر ٹیکسٹائل ملز اور الفلاح بینک بھی شامل ہیں جو پاکستان کا مارکیٹ حصہ کے اعتبار سے چھٹا بڑا ملک ہے۔ سفائر ٹیکسٹائل ملز کے چیف ایگزیکٹو ندیم عبداللہ نے بتایا کہ قابل تجدید توانائی کے وسائل توانائی شعبہ کیلئے ایک مثال ہوں گے اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کا ذریعہ بھی ہوں گے اور ٹرائیکون بوسٹن ونڈ پاور منصوبہ اس جانب ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :