پیپلز پارٹی کی حکومت نے الیکشن جیتنے کیلئے غلط فیصلے کئے جسکی سزا عوام بھگت رہی ہے

اتوار 27 نومبر 2016 13:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملک میں اضافی گندم کا بحران بڑھتا جا رہا ہے جسے حل کرنے کی کوئی تدبیر کارگر ثابت نہیں ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے الیکشن جیتنے کیلئے غلط فیصلے کئے جسکی سزا عوام بھگت رہی ہے کیونکہ گندم کے اضافی سٹاک کی وجہ سے سالانہ اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں ۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومتی اداروں کے پاس پانچ لاکھ ٹن سے زیادہ گندم موجود ہے جسے برآمد نہیں کیا جا سکا کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت پاکستان سے نصف ہے جس میں اس سال مزید کمی آ رہی ہے۔ کئی علاقوں میں گندم کی بوائی شروع ہو گئی ہے جس سے گندم کے ذخائر پر پوجھ مزید بڑھ جائے گا۔

(جاری ہے)

سابق حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں اچانک سو فیصد اضافہ کر دیا تھا جس سے اس کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں زبردست اضافہ ہوا جو ملکی ضروریات سے بہت زیادہ تھا۔

اسکے علاوہ کاشتکاروں نے بھی کئی فصلیں اگانا چھوڑ دیں جس سے ان اجناس کی کمی پیدا ہو گئی۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے گندم کی برآمد پر سبسڈی نوے ڈالر فی ٹن تک بڑھائی مگر اسکا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا جبکہ لاکھوں ٹن گندم گوداموں میں بدستور پڑی ہے۔ ان حالات میں حکومت کو بھاری نقصان ہو رہا ہے جبکہ اگلی فصل پر اس میں مزید اضافہ ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :