ملک کیلئے سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں مسلسل کمی ناقابل قبول ہے، حکومت شعبہ کی بحالی کیلئے جامع اقدامات کرے، شاہد رشید بٹ

اتوار 27 نومبر 2016 13:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک کیلئے سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں مسلسل کمی ناقابل قبول ہے، حکومت شعبہ کی بحالی کیلئے جامع اقدامات کرے اور پنجاب کی ٹیکسٹائل صنعت کو موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ برآمدات میں کمی کے مسئلہ پر قابو پایا جا سکے۔

شاہد رشید بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کی ٹیکسٹائل اور ویلو ایڈڈ صنعت کو سارا سال سستی گیس دستیاب ہوتی ہے مگر پنجاب کی صنعت کو گیس کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں سردی کی شدت کے ساتھ اضافہ ہو جاتا ہے۔ جس سے کاروبار، محاصل اور عوام کے روزگار پر اثر پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سال رواں میں جولائی سے اکتوبر تک ٹیکسٹائل کے شعبہ کی برامدات 4.268 ارب ڈالرسے گر کر 4.082 ارب ڈالر ہو گئی ہیں جو 4.35 فیصد کم ہیں۔

اگر صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو برآمدات میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ روئی کی برآمدت میں 56.81 فیصد کمی آئی ہے جبکہ دھاگے کی برآمد میں 17.24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ملبوسات کی برآ مد میں 1.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیڈوئیر اور تیار ملبوسات کے شعبوں میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے مگر مجموعی صورتحال کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :