نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ، پاکستانی ٹیم 216 پر آؤٹ، بابر اعظم کے شاندار90 رنز

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 27 نومبر 2016 09:46

نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ، پاکستانی ٹیم 216 پر آؤٹ، بابر اعظم ..

ہملٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27نومبر۔2016ء)ہملٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 216رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم نے 90رنز بنائے، یوں نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 55رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، ٹم ساؤتھی نے 6وکٹیں حاصل کیں۔ سیڈن پارک، ہملٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آج 76رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگزکا آغاز کیا، بابر اعظم نے 34اور سرفراز احمد نے 9رنز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا،سرفراز احمد 41رنز بناکر ویگنرکا شکاربنے۔

بابراعظم اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز بنائے ،اس دوران بابر اعظم نے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد بابر اعظم اور سہیل خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 67رنز بناکر کیویز کی برتری کو مزید کم کردیا، اس موقع پر سہیل خان 37رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہاب ریاض بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئےجبکہ محمد عامر 5اور عمران خان 6رنز بناسکے،بابر اعظم نے شاندار 90رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

یوں پاکستان کی پوری ٹیم 216رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 55رنز کی برتری حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی نے 6، ویگنر نے تین اور گرینڈہوم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں کیویز نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دی تھی۔