آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نی اندرونی اور بیرونی خطرات کا جرأت مندی سے مقابلہ کیا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کا جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیے سے خطاب

جمعہ 25 نومبر 2016 22:05

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نی اندرونی اور بیرونی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نے دیگر تمام قومی اداروں سے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ اندرونی اور بیرونی خطرات کا جرأت مندی سے مقابلہ کیا جس سے ان کے احترام اور قومی اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کے موقع پر کہی۔

عشائیہ میں چیئرمین سینٹ، سروسز چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزراء، پارلیمنٹیرینز اور دیگر نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے آرمی چیف کو مدت ملازمت کی انتہائی کامیابی اور باوقار طریقہ سے تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی، انتہاء پسندی اور بدامنی کے خاتمہ کیلئے آرمی چیف کی قیادت میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مؤثر حکمت عملی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اپنے عرصہ قیادت میں پروفیشنل سولجر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں اور اپنے دور میں ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی سے چلنے کی روایت قائم کی۔ بہادری، پیشہ وارانہ مہارت اور بہترین نظم و ضبط پاک فوج کی شناخت ہے اور جنرل راحیل شریف کے دور میں یہ شناخت مزید توانا ہوئی۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران اندرونی اور بیرونی خطرات سے جس جرأت مندی سے نمٹا گیا صدر مملکت نے اس کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا قومی ترقی اور عام آدمی کی بہبود کیلئے ریاست کے تمام اداروں کا یکسو ہونا احسن اور ناگزیر ہے اور ریاست کے امور میں عام آدمی کی بہبود اہمیت حاصل کر جائے تو اجتماعیت میں خود بخود بہتری پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے جنرل راحیل شریف کے بہتر مستقبل، صحت اور خاندان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ صدر ممنون حسین اور آرمی چیف کی ملاقات بھی ہوئی۔ آرمی چیف نے رہنمائی اور تعاون پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔