ملک میں عوام کی محرومیوں کی اصل وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ کرپشن ہے، حکومت کرپشن،مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

جمعہ 25 نومبر 2016 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں عوام کی محرومیوں کی اصل وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ کرپشن ہے ۔ کرپشن ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے اور ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔جب تک کرپٹ عناصرکے خلاف بلاتفریق کاروائی اور ملک وقوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جاتی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک میںعدل وانصاف پرمبنی معاشرہ قائم نہیں ہوسکتا۔اس وقت سوئس بنکوں میںپاکستانیوںکی اربوں ڈالرلوٹی گئی رقم جمع ہے اگر یہ ساراپیسہ ملک میں واپس آجائے توتمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک طرف کرپشن عروج پر ہے تودسری جانب حکومت قرض پر قرض لے کر اپنے اخراجات پورے کررہی ہے۔

مسلسل قرضے لینے کی وجہ سے آج ہر پاکستانی ایک لاکھ روپے سے زائدکامقروض ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں۔لوگوں کودووقت کی روٹی میسر نہیں ہے۔لوڈشیڈنگ نے بھی عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے اورمختلف شہروں میں ان گنت صنعتیں بند پڑی ہیں۔غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی عملاً مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

مہنگائی،غربت اور بیروزگاری کے خاتمے سمیت کئی بڑے چیلنجوںسے نمٹنا وقت کااہم تقاضا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ گڈگورننس کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کوبروئے کار لائے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ وطن عزیزوسائل سے مالامال ملک ہے۔اس کی زمین زرخیز،سمندراور پہاڑ معدنیات سے بھرے ہوئے ہیں۔تھر میں75ارب ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں۔سندھ میں قدرتی گیس کے وسیع ذخائر ہماری ملکی معیشت کارخ بدل سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمرانوں کواپنی ترجیحات بدلنے کیساتھ ساتھ ملک سے کرپشن کے ناسورکوختم کرکے گڈگورننس،کفایت شعاری کواپناناہوگا۔غریب عوام پرٹیکسوں کی بھرمارکرنے کی بجائے حکومت کواس نظام میں موجود خرابیوں کودورکرتے ہوئے ملکی معیشت کوسہارادیناہوگا۔

متعلقہ عنوان :