ڈپٹی میئر کراچی کی متعلقہ حکام کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام بڑے نالوں کی فہرست پیش کرنے ،نہر خیام کا دورہ کرکے تازہ صورتحال کی رپورٹ دینے کی ہدایت

جمعہ 25 نومبر 2016 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے محکمہ میونسپل سروسز کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 30 بڑے نالوں کی فہرست پیش کرنے اور نہر خیام کا دورہ کرکے تازہ ترین صورتحال کی رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے گجرنالہ میں جاری تجاوزات کے خاتمے اور نالے کی صفائی کے کام کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والے اجلاس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نالے کی گہرائی میں مناسب حد تک اضافہ کیا جائے تاکہ اس کی گنجائش اور پانی کے بہائو میں بہتری لائی جاسکے۔

اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان، متعلقہ انجینئرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی کو بتایا گیا کہ نالے سے نکالا گیا کچرا مقررہ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ نالے کے اطراف میں رہنے والوں کی طرف سے مسلسل کچرا نالے میں پھینکے جانے کی وجہ سے نالے کی صفائی کا کام مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ نالے کے بہائو میں روانی برقرار رہے۔

(جاری ہے)

گجر نالہ کی چوڑائی تیکنیکی طور پر 40 فٹ طے کی گئی ہے جس کے دونوں جانب 20 ،20 فٹ چوڑا سروس روڈ بنایا جائے گا، ڈپٹی میئر کراچی نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ پہلے فیز میں گجر نالہ کے پورے راستے کے دونوں طرف 80فٹ تک جگہ خالی کرائی جائے جبکہ منصوبے کے دوسرے فیز میں 200 فٹ تک تجاوزات کے خاتمے کے لئے پلرز اور نمایاں نشانات بھی لگائے جائیں ۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر انسدادتجاوزات نے بتایا کہ گجر نالہ میں اب تک سرجانی ٹائون سے لیاقت آباد تک 25 کلو میٹر حصہ تجاوزات سے پاک کیا جاچکا ہے اور لیاقت آباد سے لیاری تک بقیہ 3 کلو میٹر حصے پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی میئر کراچی نے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ گجر نالے کے دونوں طرف 20 ،20 فٹ چوڑے روڈ کی تعمیر کے لئے پی سی ون تیار کیا جائے ۔

اس موقع پر لیز شدہ مکانات کے لئے عدالتی مقدمات پر غور کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ محکمہ قانون اور ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے ایسے تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور ان کی فہرست فراہم کریں۔ اجلاس کے دوران سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نے کہا کہ گجر نالہ پر تعمیر کئے گئے تمام عارضی پل جن سے انسانی زندگی کے لئے خطرات ہیں ختم کردیئے جائیں انہوں نے تجویز دی کہ اس مقصد کے لئے گرین لائن بس روٹ سے ہٹائے گئے پیڈسٹرین برج استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

ڈپٹی میئر کراچی نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو متعلقہ محکمے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گجر نالہ میں سڑکوں کے کنارے دکانوں یا کسی بھی کمرشل سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں نالے کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے درکار مشینری کے حصول کے کنٹریکٹ میں مزید 2 ماہ کے اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

متعلقہ عنوان :