جاپان پاکستان کا دوست ملک ہے ،کئی ادارے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں میں شریک ہیں ، میئرکراچی

خواہش ہے کراچی کے عوام نے ہمیں جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اتر سکیں ،شہریوں کے مسائل کو بلا امتیاز حل کرسکیں، وسیم اختر

جمعہ 25 نومبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کا دوست ملک ہے جس کے کئی ادارے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں میں شریک ہیں بالخصوص کراچی میں کئی جاپانی کمپنیاں شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جس پر ہم جاپان کے شکر گزار ہیں اور مختلف شعبہ جات میں مستحکم تعلقات کے خواہش مند ہیں ،کراچی میں دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اورکراچی شہر یہاں آنے والے تمام لوگوں کو روزگار مہیا کر رہا ہے جس کے باعث اس شہر کی آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور ساتھ ہی مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔

ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے عوام نے ہمیں جو اہم ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اتر سکیں اور کراچی کے شہریوں کے مسائل کو بلا امتیاز حل کرسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے جاپانی قونصل جنرل Mr.Toshikazu Isomuraسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے جاپانی قونصل جنرل Mr.Toshikazu Isomuraکی اپنے دفتر آمد پر انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی جبکہ جاپانی قونصل جنرل نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کو شہر کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

میئرکراچی وسیم اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بہترین اور وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ہم جاپان کی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ خواہش رکھتے ہیں کہ ہم بھی اپنے شہر کو جدید ترین شہروں میں شمار کراسکیں کہ جہاں عوام کے لئے تمام تر سہولیات موجود ہوں۔

متعلقہ عنوان :