اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلہ، شدت 5.5 ریکارڈ،مرکزچین اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ

لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے

جمعہ 25 نومبر 2016 21:23

اسلام آباد/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5اور گہرائی 30 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی، مرکزچین اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔جمعہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث کثیر المنزلہ عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ گھروں ،دفاتر اور پلازوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں بھی محسوس کئے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.5اور گہرائی 30 کلومیٹرتھی ۔

(جاری ہے)

اس کا مرکز چین اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھاجبکہ بین الاقوامی محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق چین کے صوبہ سنکیانگ اور تاجکستان کے کئی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کی ریکٹر سکیل پر شدت 7.0ریکارڈ کی گئی تاہم فوری طور پر اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ مرکز کے مطابق زلزلہ چین او تاجکستان کے علاقوں میں شام 7بجکر 19منٹ اور پاکستان میں 7بجکر 25منٹ پر آیا۔

متعلقہ عنوان :