فیصل آباد آرٹس کونسل میں تیسرے دوروزہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا آغاز

جمعہ 25 نومبر 2016 21:19

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)فیصل آباد آرٹس کونسل میں تیسرے دوروزہ فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔ڈی سی او سلمان غنی نے نامور ادبی شخصیات محترمہ بانوقدسیہ،پرویز امیر علی ہودبھائی،سلیمہ ہاشمی اوراصغر ندیم سید کے ہمراہ فیسٹیول کا افتتاح کیا۔فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کی آرگنائزرز سارہ حیات،شیبا عالم کے علاوہ ایڈمن آفیسر ڈی سی او آفس ریاض حسین انجم،ریذیڈنٹ ڈائریکٹرآرٹس کونسل طارق جاوید اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد فیسٹیول میں شریک تھی ۔

نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ ایسے فیسٹیول علم وادب کی ترویج وترقی کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مایہ ناز شاعر،ادیب اور دیگرلکھاری اپنے فکر وفن سے معاشرے کی گرانقدر خدمت کررہے ہیں جو شاعری اوردیگر تحریروں کے ذریعے مثبت رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ معاشرتی اصلاح،امن وآشتی اورباہمی پیارومحبت کاعلم بلند کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ادب کی ہر صنف لطیف جذبات اور احساسات کا مجموعہ ہے جس کے انسانی طبیعت اورسوچ پرگہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں جن سے تشنگان علم کماحقہ مستفید ہو رہے ہیں۔ڈی سی او نے لٹریری فیسٹیول میں علم وادب کی عظیم شخصیات کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدکہا اور فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا۔فیسٹیول کی صدارت کرتے ہوئے محترمہ بانوقدسیہ نے کہاکہ فیصل آباد علم وادب کے حوالے سے بڑا زرخیز خطہ ہے اوربہت سی بلند مرتبت ادبی شخصیات نے اس دھرتی سے جنم لیا ہے جن کا قومی ادب میں بڑا گرانقدر حصہ ہے۔

اصغر ندیم سید نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے ’’ادب اورفنون لطیفہ آج سے کل تک‘‘کے بارے میں اظہار خیال کیا جبکہ سلیمہ ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی آرٹسٹ دنیا بھر میں مشہورومعروف ہیں ۔فیسٹیول کے افتتاحی سیشن سے پروفیسر امیر علی ہود بھائی نے بھی خطاب کیا۔فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے دوسرے سیشن میں شعری نشست بھی ہوئی جس میں کشورناہید، خالد مسعود،عباس تابش،انجم سلمی ودیگر نامور شعراء نے کلام پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کے دوسرے روز آج ہفتہ 26نومبر کو بھی مختلف ادبی پروگرامز منعقد ہونگے۔