لائل پور آئی ٹرسٹ کے زیر اہتمام آنکھوں کے عطیات کی وصولی کیلئے ’’آئی بینک‘‘ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے

جمعہ 25 نومبر 2016 21:19

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)لائل پور آئی ٹرسٹ کے زیر اہتمام آنکھوں کے عطیات کی وصولی کیلئے ’’آئی بینک‘‘ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کیلئے تمام تر ضروری طبی و انتظامی تقاضوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جو آنکھوں کے کارنیا کی پیوند کاری کی جانب اہم اور انقلابی پیشرفت ہے۔یہ بات چیئرمین لائل پور آئی ٹرسٹ/ ڈی سی او سلمان غنی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ای ڈی او فنانس مہر رمضان،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف شہزاد ،سیکرٹری چناب کلب شکیل انوراور ٹرسٹیز میجر شاہ نواز الحسن،فرخ زماں،میاں اجمل فاروق،حاجی محمد رمضان،سیکرٹری میاں کمال الدین اور دیگر نے شرکت کی جبکہ ممتاز صنعتکار خواجہ عاصم خورشید،شائق جاوید،سیٹھ افتخار احمد اور چوہدری مقصود اقبال بھی ٹرسٹیز میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چیئر مین / انچارج شعبہ امراض چشم الائیڈ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان نے ’’آئی بینک‘‘کے قیام کیلئے میڈیکل امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈی سی او نے بصارت سے محروم افراد کو آنکھوں کی نعمت فراہم کرنے کے سلسلے میں ٹرسٹیز اور دیگر مخیر حضرات کی گہری دلچسپی اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نیک اور فلاحی منصوبے کے بلا تاخیر قیام کے سلسلے میں کوئی امرمانع نہیں ہونا چاہیئے بلکہ اس کی وسعت اور استحکام کیلئے ان کا مستقل تعاون بے حد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں شعبہ امراض چشم پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کا جدید اور مثالی وارڈ ہے اور نیپال و سری لنکا سے پہلے ہی آنکھوں کے کارنیا کے عطیات حاصل کئے جارہے ہیں اور اس نظام کی اب مقامی سطح پر ترویج و ترقی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے کارنیا کے عطیات دینے سے متعلق معاشرے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف نوعیت کے معلوماتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائیگا تاکہ اس دنیا سے رخصت ہونے والے کسی بھی صحت مند فرد کی آنکھوں کے کارنیا کے گرانقدر عطیات سے نابینا افراد کو روشنی فراہم کرکے دعائیں حاصل کی جاسکیں۔

اجلاس کے دوران وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان اورسیکرٹری چناب کلب شکیل انورسمیت ٹرسٹیز حضرات نے لائل پور آئی ٹرسٹ کیلئے بھاری رقوم کے مالی تعاون کا اعلان کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان نے بتایا کہ لائل پور آئی ٹرسٹ کی طرف سے الائیڈ ہسپتال،سری گنگا ٹرسٹ کھٹمنڈو نیپال اور فریڈیم لوز فائونڈیشنٓ آسٹریلیا کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کئے جائیں گے تاکہ آنکھوں کے کارنیا کے عطیات کے حصول اور ان کی پیوند کاری کے طبی و انتظامی امور میں استحکام اور وسعت پیدا کی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ انتقال کے دو سے چھے گھنٹے کے دوران کسی بھی میت کی آنکھوں کے کارنیا 10 منٹ کے آپریشن میں حاصل کرکے محفوظ کئے جاسکتے ہیں جس کیلئے ان کے شعبہ میں تمام تر طبی سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کارنیا کو محفوظ کرنے اور پیوند کاری کے اپریشنز کیلئے درکار مشینری اور دیگر وسائل سے بھی آگاہ کیا۔ٹرسٹیز حضرات نے اپنے تمام تر تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کو بصارت فراہم کرنا بلاشبہ انتہائی نیک اور عظیم کام ہے اور اس اہم فلاحی طبی منصوبے میں فیصل آباد ملک بھر میں بازی لے جائے گا۔