جنگلی حیات قدرت کا حسن ہیں اور ان کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے،رضوانہ عزیز

جمعہ 25 نومبر 2016 20:55

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)رضوانہ عزیز ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر اٹک نے اپنی تعیناتی پرذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد میڈیاکے نمائندگان سے بات چیت کرتے کہا کہ جنگلی حیات قدرت کا حسن ہیں اور ان کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں نایاب نسل کے جانوراوڑیال اور چکور جیسے پرندوں کو بچانا ہمارا اولین فریضہ ہے ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اٹک میں غیر قانونی شکار کرنے والے شکاریوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں عدالت کے کٹہرے میں لا ئیںگے۔ عدالت سے بھاری جرمانوں کے ساتھ قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے،اس سال ضلع اٹک کی دو تحصیلوں فتح جنگ اور حضرو میںلائسنس کے حامل شکاریوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق اتوار کے روزشکار کرنے کی اجازت ہو گی۔ اس کا اطلاق یکم دسمبر سے 15فروری تک ہو گا۔ہمارا محکمہ لائسنس یافتہ شکاریوں سے بھر پور تعاون کرے گا، تاہم ضلع اٹک کی باقی تحصیلوں پنڈی گھیب ،جنڈ ،اٹک اور حسن ابدال میں شکار پر مکمل پابندی ہے۔ ان تحصیلوں میں شکار کرنے والے شکاریوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔