قائد اعظم نے قانون دان کی حیثیت سے قابل تقلید مثالیں قائم کیں‘سیشن جج

جمعہ 25 نومبر 2016 19:36

گوجرانوالہ۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ محمد عبدالناصر نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات منانے کا مقصد قانون کی حکمرانی اور بالادستی کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کے ارشادات عالیہ کو اجاگر کرنا ہے‘ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے قانون دان کی حیثیت سے قابل تقلید مثالیں قائم کیں‘ انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کے قیام کے ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے پر تقریبات کا انعقاد چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کے وژن کی بدولت ہے اس طرح معاشرے میں عدلیہ کے فرائض اور عوام کو ملنے والے عدل وانصاف کی ترویج ہوگی اور عدلیہ پر انکے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

وہ گذشتہ رات ہفتہ بھر سے منائی جانے والی تقریبات کے تسلسل میں’’ ایک شام سٹاف کے نام‘‘ سے منعقدہ رنگا رنگ بھرپور تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سیشن کورٹ کے اہلکاروں نے اپنی ادبی‘ فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی۔

(جاری ہے)

جوڈیشل افسران ‘ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمشین گوجرانوالہ طاہر چودھری اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ وہ اہلکاروں کی مزید تعلیم ان کے بچوں کی تعلیمی ضروریات اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خصوصی لائحہ عمل تشکیل دینگے کیونکہ عدالتی اہلکار ہر جج کے لئے بچوں کی حیثیت میںہوتے ہیں انکی فلاح اور بہتری ججوں کے فرائص میں شامل ہے۔ محمد عبدالناصر نے اہلکاروں پرزوردیا کہ وہ مزید محنت اور لگن سے فرائص منصبی ادا کرتے ہوئے مثبت رویوں اور سائلین کے ساتھ حسن سلوک کو فروغ دیں تاکہ ہم بحیثیت قوم دنیا کے ہر محاذ پر باوقار انداز سے خود کو منوا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشری ججوں کے ساتھ اہلکاروں کے اشتراک سے مکمل ہوتی ہے کیونکہ ا ہلکار عدالت کی عزت وقار‘ آنکھ اور کان ہوتے ہیں انہو ںنے کہا کہ چیف جسٹس لاہور کی ہدایات کے تحت گوجرانوالہ میں بھی اہلکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ایک دن ملاقات کے لئے مختص کرنے کا پلان تیار کیا جارہاہے اس روز تمام جج صاحبان اپنے اپنے اہلکاروں کے مسائل سنیں گے۔

تقریب کے پروگراموں میں خصوصی طور پر نعت خوانی شامل کرنے پر فاضل سیشن جج نے ایک روشن مثال قائم کردی ہے۔ اس موقع پر اہلکار نعت خوانوں نے حضور نبی کریم ؐ کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ‘ سیشن جج نے ہر جج اور اہلکار کو ایک تسبیح درود شریف روزانہ پڑھنے کی تلقین بھی کی۔تقریب میں سید راشد علی‘ عدنان چشتی‘ حافظ احسان ارشد‘ فراز‘ شکیل نے نعت خوانی کی جبکہ لارنس فرانسیس‘ بائو اینڈ کمپنی‘ اتفاق حسین‘ جنید‘ تنزیل اور دیگر اہلکاروں نے اپنے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا جسکی فاضل سیشن جج نے بھرپور تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :