جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی نے بال ٹیمپرنگ فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی

ڈیو پلیسی کی جانب سے فیصلے کو تسلیم کرنے کے بجائے اپیل پر افسوس ہوا، اپیل کی سماعت کیلئے جوڈیشل کمشنر مقرر کیا جائیگا،آئی سی سی

جمعہ 25 نومبر 2016 18:48

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی نے بال ٹیمپرنگ فیصلے کیخلاف اپیل دائر ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیو پلیسی نے بال ٹیمپرنگ کا مرتکب قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل کر دی ہے جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ڈیوپلیسی پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا گیا تھا اور ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا تھا کہ ڈیوپلیسی ٹافی یا کسی میٹھی چیز سے لعاب بنا کر گیند پر لگارہے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جنوبی افریقی کپتان کو بال ٹیمپرنگ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا تھا تاہم ان پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔اس فیصلے پر ڈیو پلیسی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا، وہ صرف گیند کو چمکا رہے تھے اور آئی سی سی نے انہیں قربانی کا بکرا بنایا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ فاف ڈیو پلیسی نے میچ ریفری کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے قانونی ماہرین میچ ریفری کی جانب سے فراہم کی جانے والی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈیو پلیسی کو بال ٹیمپرنگ کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہو بلکہ 2013 میں پاکستان کے خلاف سیریز میں زپ سے گیند رگڑنے پر 50فیصد میس فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈیو پلیسی کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی کو انتہائی افسوس ہوا کہ ڈیو پلیسی نے میچ ریفری اینڈی ہائی کرافٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے بجائے اپیل کا فیصلہ کیا اور اب ان کی اپیل کی سماعت کیلئے جوڈیشل کمشنر مقرر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :